مدھیہ پردیش میں چارسیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری

مدھیہ پردیش کے کھنڈوا پارلیمانی حلقہ، رائےگاؤں، پرتھوی پور اور جوبٹ اسمبلی ضمنی انتخابات کے لیے صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہو گئی

ووٹوں کی گنتی
ووٹوں کی گنتی
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کےکھنڈوا پارلیمانی حلقہ ، رائےگاؤں، پرتھوی پور اور جوبٹ اسمبلی ضمنی انتخابات کے لیے آج صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہو گئی ۔ سب سے پہلے پوسٹل بیلٹ کی گنتی کی گئی۔

کھنڈوا پارلیمانی حلقہ کی حدود میں آنے والی باگلی اسمبلی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی ضلع دیواس ہیڈکوارٹر، مندھاتا اور پندھانا کے ووٹوں کی گنتی کھنڈوا میں ، برہان پور اور نیپا نگر کے ووٹوں کی گنتی برہان ضلع ہیڈکوارٹر میں کی جا رہی ہے۔ اسی طرح بڑوہا اور بھیکھن گاوں اسمبلی حلقوں کی گنتی کھرگون میں شروع ہو گئی ہے۔ وہیں پرتھوی پور اسمبلی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی نیواڑی میں، رائےگاؤں کی ستنا اور جوبٹ کی علی راج پور میں کی جا رہی ہے۔

ہر اسمبلی حلقہ میں ووٹوں کی گنتی کے لیے دو ہال بنائے گئے ہیں جن میں سات سات میزیں لگائی گئی ہیں۔ پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ووٹوں کی گنتی کے لیے نیواڑی، علی راج پور، ستنا اور کھنڈوا میں الگ الگ کمرے بنائے گئے ہیں ۔ پرتھوی پور میں 22 راؤنڈ، رائےگاؤں میں 23 اور جوبٹ میں 30 راؤنڈ میں ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ اسی کھنڈوا پارلیمانی حلقہ میں باگلی میں 26، مندھاتا میں 22، کھنڈوا میں 28، پندھانا میں 28، نیپا نگر میں 27 اور برہان پور میں 32، بھیکن گاؤں میں 25 اور بڑوہا اسمبلی حلقہ میں 22 راؤنڈ میں ووٹوں کی گنتی کی جائے گی ۔


گنتی کے تمام مقامات پر ضلعی پولیس اورمرکزی نیم دستوں کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران اور نتائج کے اعلان کے بعد کوئی بھی جیت کا جلوس نہیں نکالا جائے گا۔ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے جیتنے والے امیدوار کو انتخابی سرٹیفکیٹ فراہم کرایا جائے گا ، جس میں جیتنے والے امیدوار کے ساتھ زیادہ سے زیادہ دو افراد ہوں گے۔

ان چار حلقوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس سمیت کل 48 امیدوار میدان میں ہیں ۔ کھنڈوا پارلیمانی حلقہ میں اہم مقابلہ بی جے پی کے دنیشور پاٹل اور کانگریس کے راج نارائن سنگھ پرانی کے درمیان ہے۔ ان کے سمیت کل 16 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسی طرح علی راج پور ضلع کی جوبٹ سیٹ پر بی جے پی کی سابق وزیر سلوچنا راوت اور کانگریس کے مہیش پٹیل کی ساکھ داؤ پر لگی ہے ۔ ان کے سمیت کل 06 امیدوار میدان میں ہیں۔


ستنا ضلع کی رائےگاؤں (ایس سی) سیٹ پر پریتما باگری ( بی جےپی ) کا اہم مقابلہ کانگریس کی کلپنا ورما سے ہے۔ وندھیا انچل کی اس سیٹ پر کل 16 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ بندیل کھنڈ کے نواڑی ضلع کی پرتھوی پور اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار ششوپال سنگھ کے مقابلے میں کانگریس کے نیتندر سنگھ راٹھور ہیں ۔ تاہم ان کے سمیت کل 10 امیدواروں کی قسمت داؤ پر لگی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔