کونسلر چودھری زبیر احمد نے اپنے وارڈ میں قائم کی لائبریری، مخالفین کو دیا کرارا جواب
ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گرلز لائبریری کے افتتاح کے موقع پر کانگریس کے قدآور لیڈر سابق ایم ایل اے چودھری متین احمد نے کہا کہ کانگریس پارٹی جو وعدے کرتی ہے اُن کو ضرور پورا کرتی ہے۔
نئی دہلی: چوہان بانگر وارڈ سے کونسلر اور بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد نے الیکشن سے قبل جو وعدہ وارڈ کی بہنوں سے کیا تھا آج اس کو پورا کر دیا ہے۔ سیلم پور اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والا چوہان بانگر وارڈ مسلم اکثریتی وارڈ ہے، جہاں برسوں سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ ایک لائبریری لڑکیوں کے لئے قائم کی جائے۔ چوہان بانگر وارڈ کی بطخ والی گلی میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گرلز لائبریری کا افتتاح کانگریس کے قد آور لیڈر سابق ایم ایل اے چودھری متین احمد نے کورونا گائڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے ورچوئلی فیس بک لائیو کے ذریعہ فیتہ کاٹ کر کیا۔
اس موقع پر چودھری متین احمد نے کہا کہ کونسلر چودھری زبیر احمد نے جو وعدے کئے تھے ان کو آج پورا کر دیا ہے۔ تاہم کانگریس جو کہتی ہے وہ ضرور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں جگہ کی کمی یا پھر شور و غل کی وجہ سے ہماری بیٹیوں کو مطالعہ کرنے میں دشواری پیش آتی تھی ان کے لئے یہ لائبریری نئے سال کا بیش قیمتی تحفہ ہے۔ قومی آواز کے نمائندہ کو لائبریری کا معائنہ کراتے ہوئے کونسلر چودھری زبیر احمد نے کہا کہ الیکشن سے قبل چوہان بانگر کے عوام سے جو چار وعدے میں نے کئے تھے ان کو آج میں نے پایہ تکمل تک پہنچا دیا ہے۔
چودھری زبیر احمد نے کہا کہ ان چار وعدوں میں پہلا لینٹر پر ناجائز پیسے دینے پر روک لگانا، دوسرا وارڈ میں ناجائز چلان نہیں ہونے دینا اور وارڈ کے عوام کے لئے شکایت کے لئے واٹس ایپ نمبر جاری کرنا اور لڑکیوں کے لئے لائبریری بنانا، جسے آج پورا کر دیا ہے۔ تعلیم ِ نسواں کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے تئیں کچھ سال قبل سماج میں بالخصوص مخالفین میں بڑی تعداد ایسے لوگوں کی رہی ہے جو تعلیم نسواں کے مفہوم کو ہی نہیں سمجھے۔
چودھری زبیر احمد نے کہا کہ مخالفین کا کہنا تھا کہ لڑکیوں اور خواتین کا کام گھر سنبھالنا اور بچے پالنا ہے اس کے لیے اسکول کالجوں میں تعلیم حاصل کر بی اے، ایم اے ہونے کی کیا ضرورت ہے، لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ بہتر زندگی گزارنے کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کے لیے بھی تعلیم اتنی ضروری ہے جس قدر مردوں کے لیے، مرد اگر روزی روٹی کمانے کے لیے تعلیم حاصل کرتا ہے تو عورت اس تعلیم کو بروئے کار لاکر مرد کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ خوش گوار طریقے سے زندگی گزار سکیں۔ تعلیمِ نسواں کا مطلب ایسی تعلیم ہے جس میں دین و مذہب اخلاق اور اصلاح کی تعلیم ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج چو ہان بانگر میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گرلز لائبریری لڑکیوں کے لئے شروع کر دی گئی ہے۔ جس سے لڑکیوں کے علم میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس لائبریری میں ہر مضمون کی کتابیں موجود ہیں اور ابھی کچھ کتابیں اور رکھوائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس لائبریری میں تقریباً 60 سے 70 لڑکیاں آرام سے مطالعہ کر سکتی ہیں۔ تاہم لائبریری میں دینی تعلیم سے لے کر عصری تعلیم کی اہم ترین کتابیں موجود ہیں، جن کو پڑھنے سے معلومات ملے گی۔ لائبریری میں وضو خانہ، نماز کے لئے جگہ کا خاص انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ نماز بھی ادا کی جاسکے۔
چودھری زبیر احمد نے بتایا کہ اس لائبریری کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ہفتے میں ساتھوں دن کھلی رہے گی اور کسی سے کوئی پیسہ نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ سے عوام کے لیے کام کرتی آئی ہے اور ہم اپنے ضلع بابرپوراور چوہان بانگر وارڈ میں ترقیاتی کام کرتے رہیں گے۔
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید نے کہا کہ چودھری زبیر احمد چوہان بانگر کے وہ نوجوان لیڈر ہیں جن کی پیدائش و پرورش یہیں ہوئی ہے اور یہاں کے مسائل کو وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائبریری ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو یہ کہتے تھے کہ چوھری زبیر احمد کے پاس فنڈ اور جگہ دنوں ہی نہیں ہے وہ کیسے اور کہاں لائبریری بنائے گے۔ آج انہوں نے لائبریری کا افتتاح کر کے یہ پیغام دے دیا کہ وہ کام کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ لائبریری ڈائریکٹر عبدالقیوم انصاری، اور محمد وارث کی دیکھ ریکھ میں چلائی جائے گی۔ اس مو قع پر حاجی مقصود جمال، حاجی نصیر احمد، رائیس سلمانی، ریاست ساحل، رئیس انصاری، حاجی محمد ہارون، خالد خان، ریاض الدین راجو، ندیم شیخ، پروین وتسو، ونود شرما، نوین شرما، راجندر گھڈو، جاوید برقی، افسر خان، محمد بھائی، جرار احمد، ظفر چودھری، بشری انصاری، زیب النساء، محمد عادل سلمانی، شفیق خان مینو، کامل امان، مرزا شوقین، شاہد خان، عقیل احمد، و وارڈ کے دیگر معزز حضرات موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔