آرین خان کروز معاملہ میں سمیر وانکھیڑے پر بدعنوانی کا کیس درج، 29 ٹھکانوں پر سی بی آئی کی چھاپہ ماری

سی بی آئی نے ملزمین کے ممبئی، دہلی، رانچی اور کانپور میں 29 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی ہے، سی بی آئی نے سابق این سی بی زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف بدعنوانی کا معاملہ درج کیا ہے۔

سمیر وانکھیڈے، تصویر آئی اے این ایس
سمیر وانکھیڈے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور کروز ڈرگس کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ اس کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور ممبئی پولیس کے بعد اب سی بی آئی کی بھی انٹری ہو گئی۔ دراصل این سی بی نے کیس کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ جانچ کے لیے دہلی سے ٹیم آئی بھی تھی۔ حالانکہ شروع میں ممبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر پولیس سطح کے افسر معاملے کی جانچ کر رہے تھے۔ لیکن اب اس معاملے میں سی بی آئی نے سمیر وانکھیڑے سمیت چار افسران کے خلاف کیس درج کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی آئی نے ملزمین کے ممبئی، دہلی، رانچی اور کانپور میں 29 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے جانکاری دی ہے کہ سی بی آئی نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف بدعنوانی کا معاملہ درج کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سمیر وانکھیڑے نے اکتوبر 2021 میں ممبئی میں کارڈیلیا کروز جہاز پر چھاپہ ماری کی قیادت کی تھی۔ اس دوران بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی بھی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔


واضح رہے کہ این سی بی نے رشوت خوری کے معاملے میں وانکھیڑے اور کچھ دیگر افسران کی جانچ کے لیے سی بی آئی کو لکھا تھا۔ اس کے بعد ہی سی بی آئی کے ذریعہ کارروائی ہوئی ہے اور چار ریاستوں میں ملزمین سے جڑے 29 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی گئی۔ سمیر وانکھیڑے اور دیگر کے خلاف معاملہ این سی بی کی وجلنس رپورٹ کی فیکٹ فائنڈنگ کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔ آر خان معاملے میں این سی بی کی وجلنس ٹیم نے ایک تفصیلی جانچ رپورٹ سمیر وانکھیڑے و دیگر کے خلاف تیار کی تھی جسے پہلے این سی بی کے ڈائریکٹر جنرل کو سونپا گیا تھا، پھر یہ رپورٹ وزارت داخلہ کو بھیجی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔