دہلی: اسپتالوں میں کورونا کے مریض پریشان، نہ علاج کا مناسب انتظام نہ ہی کھانے کا

جی ٹی بی اسپتال کی حالت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں کووڈ-19 مریضوں کے اہل خانہ کو روکنے کے لیے بے حد کم اسٹاپ پوائنٹس ہیں۔ اسپتال میں آنے جانے پر کوئی پابندی نظر نہیں آتی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں کورونا کا قہر لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ راجدھانی دہلی کی حالت تو گزشتہ کچھ دنوں میں زیادہ ہی خراب ہو گئی ہے۔ یہاں کے اسپتالوں میں مریض بھرے ہوئے ہیں اور کئی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ نہ ہی ان کا علاج صحیح ڈھنگ سے ہو پا رہا ہے اور نہ ہی دیکھ بھال و کھانے کا انتظام درست ہے۔ صحت خدمات اور میڈیکل اسٹاف کی کمی کی وجہ سے اتنے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے میں انتظامیہ کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دراصل کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال صرف میڈیکل اسٹاف ہی کر سکتے ہیں کیونکہ آئسولیشن وارڈ میں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ اس درمیان ہندی نیوز پورٹل 'جن ستّا' پر شائع ایک خبر کے مطابق اسپتالوں میں مریض کے گھر والے مجبوراً اپنی جان جوکھم میں ڈال کر مریض کی مدد کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ کھانے سے لے کر پانی دینے اور باتھ روم جانے تک گھر والے ہی کورونا کے مریضوں کی مدد کر رہے ہیں اور اپنی جان کا خطرہ بھی اٹھا رہے ہیں۔


راجدھانی دہلی واقع جی ٹی بی اسپتال کو دہلی حکومت نے کووڈ-19 اسپتال قرار دیا ہوا ہے اور دہلی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کی شام تک اس اسپتال میں 228 مریض داخل تھے۔ اسپتال کے باہر موجود وپن شریواستو نامی ایک شخص نے 'جن ستّا' کو بتایا کہ ان کی بہن کچھ ہی دیر پہلے اپنے شوہر کی مدد کرنے کے لیے اسپتال کے اندر گئی۔ انھوں نے بتایا کہ ان کے اہل خانہ گزشتہ 7 دنوں سے اسی اسپتال میں ہیں۔ ایسے میں انھیں اور ان کی بہن کو اسپتال کے باہر ہی دن کاٹنے پڑتے ہیں، وہ صرف رات کو ہی یہاں سے جا پاتے ہیں۔

وپن کا کہنا ہے کہ "اسپتال میں مریضوں کو کھانا او رپانی تک وقت پر نہیں دیا جاتا۔ انھیں بیت الخلاء جانے کے لیے مدد تک نہیں کی جاتی۔ ہم ہی ہیں جن پر انھیں مدد کے لیے منحصر رہنا پڑتا ہے۔" رپورٹ کے مطابق وپن کے علاوہ مزید کئی ایسے لوگ اسپتال کے باہر تھے جو اپنے رشتہ دار مریض کی مدد کے لیے دن بھر پارکوں اور احاطہ میں بیٹھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ اسپتال کے اندر جاتے ہیں تب انھیں سیکورٹی کے لیے صرف ماسک کا بھروسہ ہوتا ہے۔


جی ٹی بی اسپتال کی حالت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں کووڈ-19 مریضوں کے اہل خانہ کو روکنے کے لیے بے حد کم اسٹاپ پوائنٹس ہیں۔ خبروں کے مطابق اسپتال میں آنے جانے پر کوئی پابندی نظر نہیں آتی۔ یہاں تک کہ گارڈس بھی اندر آنے والوں کو نہیں روکتے۔ ایمرجنسی وارڈ کے قریب واقع ایکسیڈنٹ اور کیزوئلٹی وارڈ میں لگاتار مریضوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔

جب اسپتال انتظامیہ سے اس سلسلے میں بات کی جاتی ہے تو وہ ان الزامات کو خارج کرتے ہیں۔ جی ٹی بی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سنیل کمار کے مطابق مریضوں کی مدد کے لیے کوئی بھی فیملی رکن اندر نہیں جاتا ہے۔ انھوں نے 'جن ستّا' سے کہا کہ "ہماری سیکورٹی کافی سخت ہے۔ مریضوں کے علاوہ وارڈ میں کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔" ڈیوٹی پر موجود ایک چیف میڈیکل افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ جب تک ڈیوٹی پر رہتے ہیں، تب تک کسی بھی مریض کے گھر والے کو وارڈ میں نہیں آنے دیتے۔ صرف نرسنگ اسٹاف ہی متاثرین کی دیکھ بھال کرنے کے لیے اندر جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔