گوشت-مچھلی سے کورونا وائرس پھیلنے کا خوف، لکھنؤ میں فروخت پر لگی پابندی

اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں کھلی جگہوں پر گوشت-مچھلی فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ نے اس سلسلے میں ہدایت جاری کی ہے اور ہوٹلوں کے نام بھی فرمان جاری کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ملک میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے کئی ترکیبیں کی گئی ہیں۔ کورونا وائرس کا خوف اس قدر بڑھ گیا ہے کہ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں کھلی جگہوں پر گوشت اور مچھلی فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ نے اس سلسلے میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’گوشت کے ذریعہ کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔‘‘

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ ابھشیک پرکاش کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’گوشت سے کورونا وائرس نہ پھیلے اس لیے کھلی جگہوں پر گوشت، نیم پکے گوشت اور مچھلی کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔‘‘ ضلع مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ ’’ہوٹل اور ریستورانوں کو صاف صفائی اور ہائجین کا دھیان رکھنے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔ ساتھ ہی گئو شالاؤں میں فاگنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ائیر پورٹ سمیت اسپتالوں میں اسکیننگ اور مانیٹر کا انتظام کیا گیا ہے۔‘‘


اپنے حکم میں ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ بہار سے آنے والے مسافروں اور سیاحوں کی اسکیننگ اور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اگر کسی مسافر میں کورونا وائرس کی علامت نظر آتی ہے تو اسے فوراً آئسولیشن وارڈ میں رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے جو 2622080-0522 ہے۔ اس کے علاوہ موبائل نمبر 7839700132 پر بھی مدد کے لیے کال کی جا سکتی ہے۔ ان نمبروں پر فوری مدد دی جائے گی۔

واضح رہے کہ چین کے ووہان شہر سے پھیلا مہلک کورونا وائرس اب کئی ممالک میں پہنچ چکا ہے۔ ہندوستان میں کورونا سے متاثر لوگوں کی تعداد 29 پہنچ گئی ہے۔ آگرہ میں بھی 6 لوگ اس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ وزارت صحت نے اس سے نمٹنے کے لیے ریاستوں کو الرٹ پر رہنے کے لیے کہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔