کورونا وائرس: اتر پردیش کے انجینئرنگ کالجوں میں چلیں گی آن لائن کلاسز
کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سبھی تعلیمی اداروں کو 2 اپریل تک بند کرنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے کچھ انجینئرنگ کالجوں میں آن لائن کلاسز کا راستہ نکالا گیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ کورونا وائرس کو لے کر لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ٹیکنیکل یونیورسٹی (اے کے ٹی یو) نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطاً سرکاری اور نجی انجینئرنگ کالج طلبا کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق طلبا کی پڑھائی متاثر نہ ہو اس لیے کالج اساتذہ طلبا کے مسائل آن لائن حل کریں۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کی وجہ سے یوگی حکومت نے سبھی تعلیمی اداروں کو 2 اپریل تک بند کرنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے۔ اس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے سبھی سرکاری اور نجی انجینئرنگ، مینجمنٹ اور بی فارما کالجوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا۔
بہر حال، اے کے ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ونے کمار پاٹھک نے بتایا کہ چھٹیاں ختم ہونے کے بعد اچانک ہی اداروں پر طلبا کا نصاب پورا کرنے کا دباؤ بڑھ جائے گا۔ ایسے میں کالجوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آن لائن کلاس کا سہارا لے کر طلبا کی پڑھائی جاری رکھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اساتذہ کو طلبا کے ساتھ جڑے رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔
وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ اداروں کے پاس سبھی طلبا کے ای میل اور وہاٹس ایپ نمبر موجود ہیں۔ وہ ای میل کے ذریعہ طلبا کے ساتھ جڑ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ طلبا کے کلاسز ملتوی ہونے کے بعد پرائیویٹ ٹیکنیکل اداروں میں صبح سے اساتذہ کو بلایا جا رہا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ کوئی کام نہ ہونے کے بعد بھی دن بھر کالج میں بیٹھنا پڑ رہا ہے۔
دوسری طرف خواجہ معین الدین چشتی اردو، عربی و فارسی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ماہ رخ مرزا نے بھی اپنے طلبا کو ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن پڑھائی کرانے کی ہدایت اساتذہ کو دے دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔