کورونا وائرس: حضرت گنج میں لاک ڈاؤن کی حالت، سڑکیں سنسان، دکانوں پر لٹکا قفل
شہری تحفظ کمیٹی اور تجارتی تنظیموں نے ہفتہ کے روز سے حضرت گنج علاقہ کے بازار کو بھی پوری طرح سے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت گنج لکھنؤ میں صبح سے ہی سڑکیں سنسان ہیں۔
ہفتہ کے روز صبح سے ہی لکھنؤ کا حضرت گنج علاقہ کورونا وائرس کے خوف سے لاک ڈاؤن نظر آ رہا ہے۔ اس وائرس کے ہندوستان میں لگاتار بڑھتے اثرات اور خصوصی طور سے لکھنؤ میں کئی پازیٹو کیسز سامنے آنے کے بعد مقامی انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی اقدام کیے جا رہے ہیں۔ لکھنؤ میں مہانگر اور خرم نگر میں جمعہ کے روز سے ہی لاک ڈاؤن کی حالت ہے اور شہری تحفظ کمیٹی و تجارتی تنظیموں نے ہفتہ کے روز سے حضرت گنج علاقہ کے بازار کو بھی پوری طرح سے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت گنج میں صبح سے ہی سڑکیں سنسان ہیں اور دکانوں پر قفل لٹکا ہوا ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق تجارتی تنظیموں نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ گزشتہ دنوں میٹنگ کی جس کے بعد فیصلہ لیا گیا کہ حضرت گنج علاقہ کی دکانیں بھی کچھ دنوں کے لیے بند کی جائیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو ضلع مجسٹریٹ کے حکم کے بعد گومتی نگر کے ایک بڑے علاقہ کو جمعہ سے ہی لاک ڈاؤن کرا دیا گیا۔ خرم نگر، وکاس نگر، علی گنج، مہا نگر، گڈمبا سے لے کر اندرا نگر سے ملحق قریب تین کلو میٹر کے علاقے کی سبھی دکانوں، دفاتر اور اداروں کو 23 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کو اپنے اپنے گھروں میں رہنے کی صلاح بھی دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گلوکارہ کنیکا کپور کے کورونا پازیٹو آنے کے بعد سے لکھنؤ کے لوگوں میں اس وائرس کو لے کر خوف کافی بڑھ گیا ہے۔ دراصل کنیکا کپور لکھنؤ میں کئی لوگوں سے ملیں اور کچھ تقاریب میں بھی حصہ لیا اس لیے تقریباً ہر اس جگہ کو سینیٹائز کیا گیا ہے جہاں وہ گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کنیکا کپور حضرت گنج بھی شاپنگ کے مقصد سے گئی تھیں اور مقامی انتظامیہ نے دکانداروں سے کہا ہے کہ اگر ان کا سامنا کنیکا کپور سے ہوا ہے تو وہ خود کو کوارنٹائن کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔