بہار لاک ڈاؤن: پٹنہ میں کئی لوگوں کا کٹا چالان، 50 سے زائد آٹو ضبط

میٹھا پور بس اسٹینڈ سے بسوں کے چلنے کی خبر جیسے ہی سامنے آئی، پٹنہ کے ڈی ایم ایکشن میں آ گئے۔ پہلے تو بس اسٹینڈ کو بند کرایا گیا اور پھر سڑکوں پر نکل کر قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے دہلی، یو پی، پنجاب اور مدھیہ پردیش کی طرح بہار میں بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود ایسی خبریں سامنے آتی رہیں کہ کئی مقامات پر اس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی ہوئی۔ لیکن جیسے ہی میڈیا میں یہ خبریں آنی شروع ہوئیں، پولس حرکت میں آئی اور پھر بلاوجہ گھر سے باہر نکلنے والے لوگوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔ کئی مقامات پر آٹو اور موٹر سائیکل کو ضبط بھی کیا گیا اور سڑک پر بس لے کر نکلے ڈرائیوروں کی بھی خیریت لی گئی۔

بہار لاک ڈاؤن: پٹنہ میں کئی لوگوں کا کٹا چالان، 50 سے زائد آٹو ضبط

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پیر کے روز پٹنہ میں ضلع انتظامیہ کافی سرگرم نظر آیا۔ بہار کے سب سے بڑے بس اڈہ یعنی میٹھا پور بس اسٹینڈ سے بسوں کے چلنے کی خبر جیسے ہی میڈیا میں آئی، پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی ایکشن میں آ گئے۔ اس دوران جہاں ڈی ایم کمار روی بھاگے بھاگے میٹھا پور بس اسٹینڈ پہنچے اور وہاں کی حالت دیکھ کر بس ڈرائیوروں پر ناراض ہوئے، وہیں ایس ایس پی نے پٹنہ میں گھوم گھوم کر لوگوں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سے روکا۔

بتایا جاتا ہے کہ دوپہر سے پہلے میٹھا پور بس اسٹینڈ پہنچے ڈی ایم نے فوری طور پر بس خدمات بند کرنے کی ہدایت دی اور اگلے دو گھنٹے میں اسے خالی کرنے کی بات کہی۔ اس کے ساتھ ہی ڈی ایم نے اپنے افسروں کو بس اسٹینڈ میں 'بند' لکھ کر پوسٹر چپکانے کی ہدایت بھی دی تاکہ لوگ بس کا سفر کرنے سے بچیں۔ ڈی ایم نے کہا کہ جو بھی اس قانون کی خلاف ورزی کرے گا اور بس چلائے گا، اس کی بس ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔


دوسری طرف پٹنہ کی سڑکوں پر گھوم گھوم کر ایس ایس پی اوپیندر شرما نے لاک ڈاؤن کی حالت کا جائزہ لیا۔ انھوں نے بے وجہ سڑکوں پر گھومنے والوں کے خلاف سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کئی موٹر سائیکلوں کو ضبط کر لیا۔ ایس ایس پی نے اس دوران متعلقہ تھانہ کے افسروں سے کہا کہ وہ بغیر کام کے گھروں سے نکلنے والوں پر سختی کریں۔ پٹنہ میں ہی ڈاک بنگلہ چوراہا، انکم ٹیکس گولمبر، میٹھا پور چوراہا سمیت کئی سڑک اور پلوں کو پولس نے بند کر دیا ہے۔ اس دوران لوگوں سے جرمانہ بھی وصولے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ خبروں کے مطابق پولس لگاتار مائیک سے لوگوں سے اپیل کر رہی ہے کہ وہ گھروں سے نہ نکلیں اور قوانین پر عمل کریں۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں پیر کے روز 50 سے زائد آٹو ضبط بھی کر لیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسی کئی خبریں صبح سے ہی سامنے آ رہی تھیں کہ ریل سروس بند ہونے کی وجہ سے بہار میں لوگ بسوں کا سہارا لے رہے ہیں اور بھیڑ ہونے کی وجہ سے بسوں کی چھتوں پر بیٹھ کر لوگ سفر کر رہے ہیں۔ دراصل بہار میں لاک ڈاؤن ہونے کے بعد سبھی اپنے اپنے گھروں کی طرف رخ کرنے کے لیے بے قرار نظر آ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی جگہ سڑکوں پر بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے اور گاڑیوں میں بھی لوگ سفر کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ حالانکہ پولس بار بار کہہ رہی ہے کہ لوگ جہاں ہیں وہیں رہیں اور کسی دوسری جگہ کا سفر نہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔