راجستھان: کچھ خواتین پر کورونا پھیلانے کا شک، ’تھوک‘ گھروں میں پھینکتے ویڈیو وائرل
وائرل ویڈیو میں کچھ خواتین تھیلیوں میں تھوکتی ہوئی نظر آتی ہیں اور پھر ان تھیلیوں کو گھروں میں پھینک کر خاموشی کے ساتھ فرار ہو جاتی ہیں۔ اس واقعہ کی خبر پھیلنے کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول ہے۔
پورا ملک کورونا کے قہر سے پریشان ہے۔ مرکزی اور سبھی ریاستی حکومتیں اس سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش میں لگی ہیں۔ اس درمیان کئی ایسی خبریں بھی آ رہی ہیں جو پریشان کرنے والی ہیں۔ ایک خبر راجستھان سے آئی ہے جو حیران کرنے کے ساتھ ساتھ خوفزدہ بھی کر رہی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کچھ خواتین تھیلیوں میں تھوک کر لوگوں کے گھروں میں پھینک رہی ہیں۔ ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد کورونا انفیکشن کے پھیلنے کا اندیشہ مزید بڑھ گیا ہے۔ اس واقعہ سے متعلق کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ خواتین پہلے تو تھیلیوں میں تھوک رہی ہیں اور پھر ان تھیلیوں کو گھروں میں پھینک دے رہی ہیں۔ ویڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ ایک خاتون کے ہاتھ میں پالیتھین ہے اور وہ پالیتھین کو گھر میں پھینک رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو کوٹہ کے ولبھ باڑی کا ہے۔
کوٹہ کے اس علاقہ میں ایک نہیں بلکہ 5-4 مشتبہ خواتین کو ایسا کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یہ خواتین پہلے تھیلیوں میں تھوک رہی ہیں اور پھر گھروں میں پھینک رہی ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ تصویریں گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گئی ہیں۔ ان تصویروں کے سامنے آنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ ویڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ گھروں میں تھیلی پھینکنے کے بعد یہ خواتین آرام سے وہاں سے چلی گئیں۔
جب یہ خبر علاقے میں پھیلی تو ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ یہاں رہنے والے لوگ پولس تھانہ پہنچ گئے اور شکایت کی۔ پولس نے اپنی طرف سے ان خواتین کو تلاش کرنے کی پوری کوشش کی لیکن فی الحال ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جب سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ خواتین نظر آئیں تو انھیں پکڑنے کے لیے لوگ دوڑے، لیکن تب تک وہ فرار ہو چکی تھی۔
اس پورے معاملے میں پولس کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگوں سے شکایت ملنے کے بعد خواتین کی تلاش کی جا رہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن سے بات چیت کر کے پورے علاقے کو سینیٹائز کرایا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا کے لگاتار بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے عوامی مقامات پر تھوکنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ کئی جگہوں پر تو گٹکا اور پان مسائلہ فروخت کرنے اور بنانے دونوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی بھی ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔