ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 273 افراد کی اموات، 9851 نئے معاملے

متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے دہلی ملک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ دہلی میں 25004 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 650 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ علاج کے بعد 9898 مریض اسپتال سے فارغ ہوچکے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں کورناوائرس کے نئے کیسز میں روز افزوں اضافے کے ساتھ، متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر ڈھائی لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 273 اموات کے ساتھ 6348 تک جا پہنچی ہے۔ جمعہ کو وزارت صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9851 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 226770 ہوگئی ہے۔ اس عرصہ میں 273 اموات کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 6348 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 110960 فعال کیسز ہیں جبکہ 109462 افراد اس وبا سے شفایابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اس وبا سے مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2933 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 123 افراد کی موت ہوئی ہے، جس کے ساتھ ریاست میں اس وبا سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 77793 ہوگئی ہے اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2710 ہوگئی ہے۔ اس عرصے کے دوران ریاست میں 1352 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں، اس طرح شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 33368 ہوگئی ہے۔


کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے، جہاں متاثرین کی تعداد 27256 ہوچکی ہے اور 220 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ علاج کے بعد 14902 افراد کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ کرونا کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے دہلی ملک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ دہلی میں 25004 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 650 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ علاج کے بعد 9898 مریض اسپتال سے فارغ ہوچکے ہیں۔

دہلی کے بعد کووڈ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک کی مغربی ریاست گجرات ہے۔ گجرات میں اب تک 18584 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1155 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ 12667 افراد اس وبا سے ٹھیک ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ اپنے شباب پر ہے اور متاثرین کی تعداد 9862 تک جا پہنچی ہے اور 213 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 7104 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 8762 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 377 ہلاک جبکہ 5637 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔


آبادی کے لحاظ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 9237 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور245 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اس وبا سے 5439 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 6876 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 355 افراد ہلاک اور 2768 افراد ٹھیک ہوچکے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش اور کرناٹک میں 4223 اور 4320 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان دونوں ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد بالترتیب 71 اور 57 ہے۔

مرکز کے زیر کنٹرول جموں و کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 3142 ہوگئی ہے اور 35 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ اس وبا کی زد میں آنے سے پنجاب میں 47، بہار میں 29، ہریانہ میں 24، کیرالہ میں 14، اتراکھنڈ میں 10، اوڈیشہ میں سات، جھارکھنڈ میں چھ، ہماچل پردیش،چنڈی گڑھ میں، آسام میں چار چار، چھتیس گڑھ میں دو اور لداخ اور میگھالیہ میں اس وبا سے ایک ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔