کورونا وائرس: مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد 38 پہنچی، سی ایم اُدھو نے طلب کی ہنگامی میٹنگ

ممبئی میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کورونا وائرس کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ان سبھی کے خون کے نمونوں میں اس بیماری کی تصدیق ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی : ریاست مہاراشٹر میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پانچ نئے معاملات ریاست میں سامنے آئے ہیں جس سے اس وبائی امراض میں مبتلا ہونے والوں کی کل تعداد 38 تک پہنچ چکی ہے نیز اس سلسلے میں آج یہاں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اور وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کر کے اس بیماری کے لئے جانے والے علاج اور احتیاطی تدابیر کے تعلق سے معلومات حاصل کی اور کئی ایک احکامات جاری کیے ۔

وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ کلکٹر اور اعلی سرکاری افسران سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس بات چیت کی ہے اور مکمل معلومات حاصل کی ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کروناوائرس کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں اور ان کے خون کے نمونوں میں اس بیماری کی تصدیق بھی حاصل ہوئی ہے ۔


اسی درمیان نئی ممبئی شہر میں بیرون ملک سے آئے ایک نوجوان کے بھی اس بیماری میں مبتلا ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ایوت محل کی کلکٹر آر بی سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ایک شخص دبئی سے ہندوستان آیا تھا آج اس کے کروناوائرس کی بیماری میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ ریاست کےمختلف شہروں اور اضلاع میں اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد مندرجہ ذیل ہے ۔ پونا (16)، ناگپور (4)، نئی ممبئی (2)، ایوت محل (3) ، تھانہ ،کلیان ، احمد نگر ، رائے گڑھ (ہر ضلع میں ایک ایک مریض)۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز ادھو ٹھاکرے نے پوری ریاست بھر کے اسکولوں ، کالجوں ، شاپنگ مال ، سنیما تھیٹر ، جمنازیم ، سویمنگ پل کے کھلے رہنے پر 31 مارچ تک کا احتیاطی تدابیر کے طور پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے آج خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے اور شہر و مضافات میں دفاتر اور اسکول بند رہے اسی طرح سے شہر کی سڑکیں بھی سنسان نظر آئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔