کورونا کا قہر: ہندوستان متاثرین ممالک کی فہرست میں پانچویں مقام پر پہنچا

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 9971 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 2.47 لاکھ ہوگئی ہے۔

تصویر سول میڈیا
تصویر سول میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافے کی وجہ سے ہندوستان گزشتہ 48 گھنٹوں میں دنیا کے سب سے زیادہ متاثرممالک کی فہرست میں دو پائیدان اوپر پانچویں مقام پرآگیا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 9971 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 2.47 لاکھ ہوگئی ہے۔

متاثرین کے معاملے میں ہندوستان اسپین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا بھرمیں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ ہندوستان میں جہاں 246628 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں وہیں اسپین میں 241310 افراد کورونا متاثرین ہیں، حالانکہ اسپین میں ہلاک شدگان کی تعداد تین گنا زیادہ ہے جبکہ ہندوستان میں اب تک 6929 افرادکی موت ہوچکی ہے۔ خیال رہے اسپین میں اب تک 27135 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک میں وائرس کے کل 19858 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے اتوار کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9971 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 246628 ہوگئی ہے۔ اس مدت کے دوران اموات کی تعداد 287 سے بڑھ کر 6929 ہوگئی۔ ملک میں کورونا کے 120406 فعال کیسز ہیں جبکہ 119293 افراد اس وبا سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرممالک کی فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے، جہاں 1919430 افراد اس وبا کا شکار اور اب تک 109791 افراد اس وبا کی زد میں آنے سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس کے بعد برازیل (6.77 لاکھ)، روس (4.59 لاکھ)، برطانیہ (2.85 لاکھ) اور ہندوستان (2.47 لاکھ) ہیں۔ اسپین کے بعد اٹلی وہ ملک ہے جہاں اس وبا کی وجہ سے 33 ہزار سےزیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 234801 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔