نئے سال کے جشن پر بھی کورونا کا سایہ! دہلی میں ’نائٹ کرفیو‘ نافذ

اس حکم کے مطابق عوامی مقامات پر 5 یا اس سے زیادہ افراد ایک ساتھ جمع نہیں ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ نئے سال کے موقع پر کسی بھی جشن یا تقریب کی اجازت نہیں ہوگی

نئے سال کی خوشی مناتی پنجاب کی خواتین / تصویر آئی اے این ایس
نئے سال کی خوشی مناتی پنجاب کی خواتین / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کی زبردست مار برداشت کرنے والی قومی راجدھانی دہلی میں نئے سال کے موقع پر عوامی مقامات پر مجمع لگنے سے روکنے کے مقصد سے شبانہ کرفیو (نائٹ کرفیو) نافذ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ دہلی حکومت کے ماتحت کام کرنے والی ڈی ڈی ایم اے (دہلی ڈیزازسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) کی جانب سے لیا گیا ہے۔

برطانیہ میں کورونا کے نئے اسٹرین کے پھیلاؤ اور ہندوستان میں بھی اس کے داخل ہونے کی خبروں کے درمیان دہلی میں 31 دسمبر اور یکم جنوری کو رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ رہے گا۔ اس حکم کے مطابق عوامی مقامات پر 5 یا اس سے زیادہ افراد ایک ساتھ جمع نہیں ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ نئے سال کے موقع پر کسی بھی جشن یا تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔ لائسنس والے مقامات اس حکم کے مطابق عوامی مقامات کے دائرے میں آئیں گے۔


دہلی کے علاوہ کئی ریاستوں میں نئے سال کے موقع پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ جبکہ کئی ریاستوں میں جہاں کورونا کے معاملے قدرے کم ہیں، وہاں ضلع انتظامیہ کو فیصلہ لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ تمام ریاستوں میں کورونا کے پیش نظر احتیاط برتی جا رہی ہے اور لوگوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ نئے سال کا جشن اپنے گھروں پر ہی منائیں۔

دہلی میں کورونا کیسز کے بارے میں بات کریں تو اس میں مستقل ریکارڈ کمی واقع ہو رہی ہے۔ 26 مئی کے بعد ایک دن میں سب سے کم تعداد میں نئے کورونا کیسز درج کیے گئے۔ 26 مئی کو دہلی میں 412 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 677 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے مریضوں کی کل تعداد 6،24،795 ہو گئی ہے۔


دہلی میں کورونا میں انفیکشن کی شرح ایک فیصد سے بھی کم (0.8 فیصد) رہ گئی ہے جو اب تک کی کم ترین سطح ہے۔ ریاست میں کورونا کے فعال مریض بھی 0.93 فیصد رہ گئے ہیں اور یہ اب تک کا سب سے کم سطح کا ریکارڈ بھی ہے۔ دہلی میں کورونا کے فعال کیسز 20 مئی کے بعد سب سے کم ہیں، اس وقت ریاست میں 5720 کورونا مریض تھے۔ یعنی 7 ماہ میں سب سے مریض زیر علاج ہیں۔ دہلی میں فی الحال کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 5838 ہے، جن میں سے تقریباً 50 فیصد یعنی 2788 مریض خانگی قرنطینہ میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔