بھیونڈی میں جلد ہی کورونا وائرس کو قابو میں کیا جائے گا: رئیس شیخ
رئیس شیخ نے کیا کہ جس طرح سے ہم نے ممبئی کے مسلم علاقوں میں اس خوفناک بیماری پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ہے اسی طرز پر بھیونڈی میں بھی کامیاب ہوں گے اور جلد ہی اس بیماری کو قابو میں کرلیں گے۔
ممبئی: سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی مشرق کے رکن اسمبلی رئیس قاسم شیخ نے ممبئی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران کہا، عروس البلاد ممبئی سے قریب تھانے ضلع میں واقع بھیونڈی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور شرح اموات تشویشناک ضرور ہے لیکن نئے میونسپل کمشنر کی سربراہی میں محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کی ایک ٹیم کو اس شہر کی نگرانی کے لئے مامور کیا گیا ہے اور جس طرح سے ہم نے ممبئی کے مسلم علاقوں میں اس خوفناک بیماری پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ہے اسی طرز پر بھیونڈی میں بھی ہم کامیاب ہوجائیں گے اور جلد اس بیماری کو قابو میں کرلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : اروند کیجریوال، شرم تم کو کیوں نہیں آتی!... ظفر آغا
انہوں نے کہا کہ وہ ممبئی کے مدنپورہ علاقے سے میونسپل کونسلر بھی ہیں اور اس علاقے میں رمضان سے قبل اور دوران رمضان بھی کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا تھا لیکن میونسپل کارپوریشن کے توسط سے ہم نے اس علاقے میں جواقدامات کیے تھے، اس میں مختلف گلیوں میں فیور کلینک (بخار کلینک) کا قیام، گھر گھر جاکر مریضوں کی تشخیص کرنا، قوت مدافعت بڑھانے کی ادویات کی تقسیم اور دیگر شامل ہیں جس کے سبب اس بیماری کوچند دنوں میں ہی قابو میں پالیا گیا اور الحمد للہ آج یہ عالم ہے کہ مدنپورہ علاقے میں کورونا وائرس کے نئے معاملات سامنے نہیں آ رہے ہیں۔
رئیس شیخ نے مزید بتایا کہ ممبئی سے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو بھی بھیونڈی روانہ کیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر فیاض میمن،ڈاکٹر علیم الدین صدیقی،ڈاکٹر محتشم سولکر، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر جی ایم خان اور دیگر شامل ہیں۔ ان طبی ماہرین کی سرپرستی میں بھیونڈی کے مریضوں کاعلاج کیا جائے گا اور اس بیماری پر قابو پانے کے لئے جنگی طورپر اقدامات کیے جائیں گے۔
گزشتہ کل رئیس شیخ نے ممبئی کے ماہرین طب کے ہمراہ سرکاری اندراگاندھی اسپتال کا بھی دورہ کیا تھا اور اس اسپتال میں سہولیات کے فقدان پر انھوں نے واویلا بھی مچایا اور اسی اسپتال میں مزید بیڈ بڑھانے کے اقدامات جاری کیے گئے۔ حالانکہ ریاست کے مختلف اضلاع میں دن کے وقت لاک ڈاؤن کا خاتمہ ہوچکا ہے لیکن بھیونڈی شہر میں آج بھی دن کے اوقات میں لاک ڈاؤن جیسا ہی ماحول ہے اور خوف وہراس چھایا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سری نگر میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم
ریاست کے پاورلوم شہروں میں شمار ہونے والے بھیونڈی میں مسلمانوں کی اکثریت ہے اور سہولیات کا بھی فقدان ہے۔ ان تمام باتوں کو لے کر رئیس شیخ نے کہا کہ سرکاری اسپتال میں اضافی بیڈ کے علاوہ نجی ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انھوں نے بھیونڈی کے مختلف مقامات پر قرنطینہ مراکز قائم کرنے کے بھی مشورہ دیئے ہیں اور جلد ہی اس پر عمل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھیونڈی کے تعلق سے وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے سے بھی ان کی سیر حاصل گفتگوہوئی ہے اور توقع ہے کہ جو اقدامات کیے جائیں گے اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔