’جنتا کرفیو‘ کا متعدد شہروں میں وسیع پیمانے پر اثر، تصویری جھلکیاں

نئی دہلی ضلع کے پولیس ڈپٹی کمشنر آئی سنگھل نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’آپ کی حفاظت کے لئے ہم سڑکوں پر ہیں۔ براہ مہربانی گھر میں رہیں‘‘۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

’جنتاکرفیو‘ کو کامیاب بنانے کے لئے دہلی پولیس کی نئی پیش قدمی

نئی دہلی: دہلی پولیس ’جنتا کرفیو‘ کو کامیاب بنانے کے لئے گھروں سے باہر نکلنے والوں کو پھول دے کر گھر واپس لوٹنے کی اپیل کر رہی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہوئے بحران کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر آج ملک میں صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ’جنتا کرفیو‘ کے اعلان کا اثر صبح سے ہی سڑکوں پر نظر آ رہا ہے ۔ یہاں سڑکیں، ریلوے اسٹیشن، بس اڈے ، پارک سنسان ہیں۔

نئی دہلی ضلع کے پولیس ڈپٹی کمشنر آئی سنگھل نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’آپ کی حفاظت کے لئے ہم سڑکوں پر ہیں۔ براہ مہربانی گھر میں رہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار موٹر سائیکل سواروں کو پھول دے کر گھر واپس جانے کی اپیل کر رہے ہیں۔ براہ مہربانی اس کے لئے تعاون کریں، دارالحکومت کے وسنت کنج ساؤتھ تھانہ علاقے میں ’جنتا کرفیو‘ کے دوران گھر سے باہر نکلے لوگوں پھول دے کر گھر سے باہر نہ نکلنے کی درخواست کرتے دہلی پولیس کے جوان دیکھے گئے۔ اسی طرح امبیڈکر نگر علاقے میں پولیس نے راہگیروں کو پھول دے کر گھر جانے کی اپیل کی۔

پولیس کی جانب سے اسی طرح کی اپیل دیگر اضلاع میں بھی دیکھنے کو ملی، واضح ر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو قوم کے نام خطاب میں لوگوں سے اتوار کو صبح سات بجے سے رات نو بجے تک ’جنتاکرفیو‘ کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ہم وطنوں سے عالمی وبا سے لڑنے کے لئے ساتھ آنے کی اپیل کی ہے۔

ممبئی سمیت مہاراشٹر بھر میں صد فیصد ’جنتا کرفیو‘

مہاراشٹر گیر سطح پر کروڑوں شہریوں نے کورونا وائرس سے خود کو بچانے کے لیے جنتا کرفیو کے تحت گھروں میں قید رہنا ہی بہتر سمجھا ہے۔دکانیں ، بازار، مالز بند رہے، جبکہ سڑکیں اور قومی شاہراہوں پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت نہ کے برابر رہی، ممبئی میں بھی اس کا اثر صد فیصد رہا، سینکڑوں مساجد نے اذانیں دیں، لیکن نماز گھروں میں پڑنے کی ہدایت دے دی گئی۔

مہاراشٹر میں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 64 سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ ممںئی میں میٹرو، مونو کے ساتھ ساتھ ٹیکسی بھی بند ہیں۔ جبکہ کئی روٹ پر لوکل اور بیسٹ کی بسیں چلائی جارہی ہیں، لیکن مسافر نہیں ہیں۔ اسٹیشںوں پر اکادکا لوگ نظر آرہے ہیں، سینٹرل ریلوے، ویسٹرن ریلوے، کوکن ریلوے نے متعدد طویل مسافتی گاڑیوں کو منسوخ کر دیا ہے جبکہ کل روانہ ہونے والی ٹرین اپنی منزل تک پہنچائیں جائیں گی۔ جبکہ سینٹرل اور ویسٹرن ریلویز کی لوکل 40 فیصد چلائی جارہی ہیں جبکہ میٹرو کی خدمات بند کر دی گئی ہیں۔ صرف ایمرجنسی خدمات دستیاب ہیں۔


کرناٹک میں جنتا کرفیوکا اثر

کرناٹک کے عوام، وزیراعظم مودی کی جنتاکرفیو کی اپیل پر گھروں تک ہی محدود رہے۔ مکمل ریاست سنسان نظر آرہی ہے کیونکہ تمام تر سرگرمیاں اضلاع اور تعلقہ جات بشمول ریاستی دارالحکومت بنگالورو میں رک گئیں۔ ٹرانسپورٹ گاڑیاں سڑکوں سے غائب رہیں، تمام تجارتی ادارے، ریسٹورنٹس، پبس اور تفریحی مراکز اور یہاں تک کہ اسپتال بھی بند رہے تاکہ کرونا وائرس کو روکا جاسکے۔

وزیراعلی بی ایس یدی یورپا جنہوں نے اپنی قیام گاہ سے میڈیا سے بات کی، وزیراعظم کی اس اپیل پر شاندار ردعمل ظاہر کرنے پر ریاست کے عوام سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ احتیاطی اقدامات ہیں۔ 1700بستروں والے وکٹوریہ اسپتال کو کورونا وائرس سے متاثر افراد کے علاج کے مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس اسپتال کے مریضوں کو جلد ہی دوسرے اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

راجستھان میں جنتا کرفیو کا پورا اثر

راجستھان کا جے پور پوری طرح سنسان نظر آیا۔ لوگوں نے رضا کارانہ طور پر خود کو گھروں میں بند کرلیا ہے۔ کالونیوں میں لوگوں نے دروازوں کے ساتھ ہی کھڑکیاں تک بند کر رکھی ہیں۔ گھروں کی بالکونیاں بھی خالی پڑی ہیں۔ گلی کوچے بھی سنسان ہیں۔ ضروری خدمات کے تحت بازاروں میں صرف میڈیکل کی دکانیں اور پٹرول پمپ کھلے ہیں، جبکہ دیگر دکانوں پر تالے پڑے ہیں۔

سڑکوں پر دور تک کوئی آدمی نظر نہیں آرہا ہے۔ کچھ مقامات پر پولیس اہلکار ضرور نظر آرہے ہیں۔ مذہبی مقامات بند ہیں۔ اجمیر سے موصولہ خبروں کے مطابق اجمیر میں پورے شہر پر جنتا کرفیو کا اثر نظر آرہا ہے ۔ شہر سمیت پورے ضلع میں لوگ رضا کارانہ طور پر گھروں میں بند ہیں اور کئی لوگوں نے اپنے گھروں، مکانوں کے تالے بھی نہیں کھولے ہیں۔ اجمیر شہر میں درگاہ شریف کے بازاروں میں پولیس گشت کررہی ہے۔ تارا گڑھ پہاڑی پر واقع حضرت میراں صاحب کی درگاہ کے ساتھ سرواڑ قصبے میں خواجہ فرخ الدین حسن چشتی کی درگاہ پر بھی زائرین کے داخلے پر پابندی ہے جبکہ یہاں 25 مارچ کو سالانہ عرس کا جھنڈ چڑھنا ہے۔


جنتا کرفیو: گھروں میں مقید رہا چندی گڑھ

چندی گڑھ: تیزی سے پھیل رہی کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر آج ’جنتا کرفیو‘ کا چندی گڑھ میں بڑے پیمانے پر اثر رہا اور پورا شہر بند رہا۔ مودی نے تین دن قبل اعلان کیا تھا کہ اتوار (آج) صبح سات بجے سے رات نو بجے تک گھروں میں رہ کر جنتا کرفیو‘ پر عمل کریں۔ چندی گڑھ میں دکانیں، بازار مکمل طور پر بند رہے۔ سڑکوں پر اکا دکا گاڑی ہی نظر آئی اور گلیوں میں بھی لوگ نہ کے برابر نظر آئے۔ تمام لوگ گھروں میں ہی رہے۔ ہندوستان میں کورونا وائر س کا پہلا معاملہ فروری میں ہی سامنے آیا تھا جو تقریباً ڈیڑھ پونے دو ماہ میں تین سو کا ہندسہ پار کر چکا ہے۔ چندی گڑھ میں اب تک کورونا کے پانچ معاملے سامنے آ چکے ہیں۔

مدھیہ پردیش میں جنتا کرفیو کا بڑے پیمانے پر اثر

بھوپال: عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے انفیکشن سے بچنے کے مقصد سے وزیراعظم نریندر مودی کی جنتا کرفیو کی اپیل کا ثر آج راجدھانی بھوپال سمیت پورے مدھیہ پردیش میں نظر آرہا ہے۔
راجدھای بھوپال میں صبح سے سڑکیں اور بازار سنسان ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کا عملہ ضروری احتیاط کے ساتھ گاڑیوں میں گھوم کر کورونا سے بچنے کے طریقے بتا رہا ہے۔ لوگوں سے کہا جارہا ہے کہ سوشل ڈسٹینس اور عوامی پروگراموں کے بائیکاٹ جیسے پروگرام پر پوری طرح عمل کیا جائے۔

ریاست کے جبلپور میں جمعہ کی شام کورونا وائرس سے متاثر مریض پائے جانے کے بعد وہاں انتظامیہ نے مزید احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ کل سے جبلپور شہر، ضلع اور آس پاس کے اضلاع میں آج تک کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ بازار، دکانیں بند ہیں اور سڑکوں پر شہریوں کی آمد و رفت تقریباً نہ کے برابر ہے۔

جبل پور کے آس پاس کٹنی، سیونی، چھندواڑہ ، نرسنگھ پور، دموہ اور دیگر ضلعوں میں بھی خصوصی احتیاط برتی جا رہی ہے۔ اندور، گوالیار، ریوا، ساگر اور دیگر اضلاع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جنتا کرفیو کے سبب سبھی ضل ہیڈ کوارٹر، شہر پوری طرح بند ہیں۔ لوگوں کو اپنے گھروں میں ہی رکنے کی صلاح پر عمل ہو رہا ہے۔ سبھی اسکول، کالج، سرکاری دفاتر اور پرائیویٹ اداروں میں کچھ دنوں کے لئے چھٹی کردی گئی ہے یا ان سے گھر سے کام کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔


گجرات: ’جنتا کرفیو ‘ کا بڑے پیمانے پر اثر، سڑکیں سنسان

گاندھی نگر: وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے آج صبح سات بجے سے رات نو بجے تک لاگو ’جنتا کرفیو‘ کا ان کی آبائی ریاست گجرات میں بڑے پیمانے پر اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سب سے زیادہ آبادی والے شہر احمد آباد کے علاوہ دیگر اہم شہروں سورت، وڈودرا، راجکوٹ اور جام نگر، جونا گڑھ، دارالحکومت گاندھی نگر، چھوٹے شہروں اور قصبوں میں بھی صبح سے ہی سڑکیں سنسان ہیں۔ ان پر اکا دکا لوگ ہی نظر آ رہے ہیں۔ مختلف مقامات پر میونسل کارپوریشن اور میونسپل کونسل عوامی مقامات پر ادویات وغیرہ کا چھڑکاؤ بھی کر رہی ہیں۔ بالعموم مصروف رہنے والے بازاروں اور علاقوں میں کوئی نظر نہیں آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ ریاست میں اب تک کورونا وائرس کے مجموعی 14 معاملے سامنے آئے ہیں جن میں سے 12 حال ہی میں بیرون ملک سے واپس آئے لوگ ہیں۔ سب سے زیادہ پانچ معاملے احمد آباد، تین تین وڈودرا اور سورت، ایک ایک راجکوٹ، گاندھی نگر اور کچھ ضلع کے ہیں۔ ریاستی حکومت نے آج سے 25 مارچ تک احمد آباد، وڈودرا، سورت، راجکوٹ میں ادویات، طبی سامان، سبزیوں، کریا نہ اور دیگر ضروری اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں کے علاوہ دیگر تمام دکانوں اور بازاروں کو بند رکھنے کے احکامات دیئے ہیں۔

جنتا کرفیو: تمل ناڈو پوری طرح بند

چنئی: وزیراعظم کے اتوار کو ملک گیر جنتا کرفیو کی اپیل کے پیش نظر تمل ناڈو مکمل طور پر بند ہے۔
ریاستی حکومت نے جنتا کرفیو کی پوری طرح سے حمایت کی ہے اور 14 گھنٹے کا ملک گیر جنتا کرفیو پوری طرح سے کامیاب ہے۔ باہری اور داخلہ سڑکیں سنسان ہیں اور لوگ اپنے گھروں میں ہیں۔ یہاں تک کہ دنیا کا سب سے بڑا بیچ مرینا پر بھی لوگ صبح ٹہلنے نہیں آئے، اگرچہ یہاں پر عام لوگوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اسی طرح کے نظارے شہر کے دیگر ساحلوں کے بھی ہیں۔

میونسپل کارپوریشن کی بسوں سمیت سبھی طرح کی بسیں، آٹو اور شیئرنگ آٹو سڑکوں سے ندارد ہیں کیونکہ حکومت نے گاڑیوں کی آمد و رفت بھی کردی ہے۔ جبکہ جنوب ریلوے نے 100 سے زائد ٹرینیں رد کردی ہیں۔ چنئی میں میٹرو خدمات اور ہوائی جہاز خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔

ایمبولینس اور دودھ، پٹرول اور ڈیزل جیسے ضروری اشیا لے جانے والی گاڑیاں چل رہی ہیں۔ سبزیوں، پھلوں اور پھولوں کے تھوک بازار پوری طرح سے بند ہیں۔ تاجروں نے اپنی دوکانوں، ہوٹلوں اور ریستوراں میں تالا لگا دیا ہے۔ یہاں تک کی مقامی سڑک کنارے لگنے والی چائے کی دکانیں بھی بند ہیں۔ لوگ پوری طرح سے وزیراعظم کے گھروں میں رہنے کی اپیل کی حمایت کر رہے ہیں۔


اے پی کی تروملا مندربند۔سڑک پر ہی شادی انجام پائی

حیدرآباد: جنتا کرفیو کے جاری رہنے کے دوران تمام ریاستوں میں بند دیکھا جا رہا ہے۔ اس بند کا اثر اے پی کی منادر اورچرچس میں بھی رہا۔ اسی دوران شردھالووں کو ٹی ٹی ڈی ہلز میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور اس علاقہ کو بند کردیا گیا جس کے نتیجہ میں تروملا میں شادی کے لئے آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک جوڑا شادی کے لئے تروملا پہنچا تھا تاہم پہاڑی پر جانے کی ان کو اجازت نہیں دی گئی جس پرسڑک پر ہی اس جوڑے نے شادی کی۔ اس جوڑے کا تعلق ضلع کرشنا سے ہے جو شادی کے لئے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ تروملا آیا تھا۔ پولیس نے ان کو پہاڑی پر جانے کی اجازت نہیں دی جس پر یہ شادی سڑک پر ہی انجام دی گئی۔ تروپتی کے ڈی ایس پی نے اس جوڑے کو آشیرواد دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔