لکھنؤ میں ’کورونا وائرس‘ کا پہلا معاملہ آیا سامنے، پٹنہ میں 4 مشتبہ مریض داخل اسپتال

کناڈا سے لوٹی خاتون کو ’کے جی ایم یو‘ کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کی خبر سے لوگ دہشت میں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ملک بھر میں لگاتار کورونا وائرس کے معاملے بڑھتے جا رہے ہیں۔ ملک میں اب تک 61 لوگوں میں اس جان لیوا بیماری کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اس درمیان لکھنؤ میں پہلا کورونا وائرس معاملے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ کناڈا سے لکھنؤ اپنے رشتہ داروں سے ملنے آئی ایک خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حالانکہ خاتون کے شوہر کی رپورٹ منفی ہے۔

کناڈا سے لوٹی خاتون کو ’کے جی ایم یو‘ کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کی خبر سے لوگ دہشت میں ہیں۔ اس درمیان کورونا وائرس کے خوف سے لکھنؤ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) کی جلسہ تقسیم اسناد تقریب ملتوی کر دی گئی۔ اس سے پہلے آئی آئی ایم بنگلورو سمیت دوسرے اداروں نے بھی تقریب رد کر دی تھی۔


دوسری طرف بہار کی راجدھانی پٹنہ میں کورونا وائرس کے چار مشتبہ معاملے سامنے آئے ہیں۔ پی ایم سی ایچ اور این ایم سی ایچ میں کورونا وائرس کے دو دو مشتبہ افراد کو بھرتی کرایا گیا ہے۔ پی ایم سی ایچ میں داخل مشتبہ ایک اورنگ آباد اور دوسرا سمستی پور کا باشندہ ہے۔ این ایم سی ایچ میں داخل 30 سالہ خاتون راجستھان کے برمھ استھان مندر سے لوٹ کر آئی ہے، جب کہ 24 سالہ نوجوان دہلی سے آیا ہے۔ ان کے سیمپل آر ایم آر آئی بھیجے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے بہار حکومت ضروری احتیاطی قدم اٹھا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔