کورونا وائرس: 24 گھنٹوں کے دوران 1553 نئے کیس، 36 افراد ہلاک

وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کا قہر ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ جبکہ ایک دن میں سب سے زیادہ مہاراشٹر میں 552 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (كووڈ -19) کے 1553 نئے کیسز درج کیے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 36 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 543 ہو گئی ہے۔

ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک مجموعی 17265 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی مریض شامل ہیں۔ کورونا سے متاثر افراد کے صحتیاب ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 316 افراد کے صحتیاب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 2547 تک پہنچ گئی ہے۔


وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا قہر ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 552 کا اضافہ درج کیا گیا اور متاثرین کی مجموعی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر کے 4203 ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں مزید 12 افراد کی ہلاکت کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 223 ہو گئی ہے۔ ریاست میں 507 متاثرہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

کورونا متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر ملک کی قومی دارالحکومت دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 110 نئے کیسز درج کیے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 2003 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران مزید تین افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 45 ہو گئی ہے۔ دارالحکومت میں مجموعی 72 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ وہیں راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 127 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثری کی تعداد بڑھ کر 1478 ہو گئی۔ ریاست میں انفیکشن سے تین مزید افراد کے ہلاک ہونے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے۔


تمل ناڈو میں 105 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1477 ہو گئی اور ریاست میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ درج نہیں کیا گیا ہے اور یہ تعداد 15 پر ہی مستحکم ہے۔ مدھیہ پردیش میں متاثرین کی تعداد 1407 ہے اور ریاست میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی کوئی اضافہ درج نہیں کیا گیا ہے اور یہ 70 پر برقرار ہے۔

ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں انفیکشن کے 115 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1084 ہو گئی ہے اور مزید تین افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے ولوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ تلنگانہ میں اس دوران 35 نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرین کی مجموعی تعداد 844 ہو گئی۔ ریاست میں اس وبا سے مجموعی 18 افراد کی موت ہوئی ہے۔ کیرالہ میں 402 افراد متاثر ہوئے ہیں اور تین اموات ہوئی ہیں۔ جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں 646 اور کرناٹک میں 390 افراد متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 15 اور 16 افراد کی موت ہوئی ہے۔


مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 350 ہے اور پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 16، مغربی بنگال میں 12، ہریانہ میں تین، جھارکھنڈ اور بہار میں دو دو اور میگھالیہ، اڈیشہ، ہماچل پردیش اور آسام میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔