کورونا ویکسین: ہندوستان میں 2 لوگوں کو لگایا گیا 'کووی شیلڈ' کا پہلا ٹیکہ

آکسفورڈ یونیورسٹی کے ذریعہ تیار کردہ ویکسین ہندوستان میں 'کووی شیلڈ' کے نام سے تیار کی گئی ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جن 2 لوگوں کو کووڈ-19 کا یہ ٹیکہ لگایا گیا ان کی صحت سے متعلق پیمانے معمول پر ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستان میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے ذریعہ تیار کردہ کورونا ویکسین کے دوسرے مرحلے کا ہیومن ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔ یہ ویکسین ہندوستان میں 'کووی شیلڈ' کے نام سے تیار کی گئی ہے اور بھارتی ودیا پیٹھ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کا کہنا ہے کہ جن 2 لوگوں کو کووڈ-19 کا یہ ٹیکہ لگایا گیا تھا، ان کی صحت سے متعلق اہم پیمانے معمول پر ہیں۔ اسپتال کی جانب سے ایک سینئر ڈاکٹر نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق دوسرے مرحلے میں پونے کے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کی جانب سے مینوفیکچر کیے گئے 'کووی شیلڈ' ٹیکہ کا پہلا شاٹ 32 اور 48 سالہ دو اشخاص کو بدھ کے روز لگایا گیا تھا۔ ایک افسر کا کہنا ہے کہ اس کی خوراک ایک مہینے بعد دہرائی جائے گی۔ بھارتی ودیاپیٹھ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کے میڈیکل ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جتیندر اوسوال کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ "کل سے ہماری ڈاکٹروں کی ٹیم دونوں لوگوں کے رابطے میں ہے اور وہ دونوں ٹھیک ہیں۔ ٹیکہ لگائے جانے کے بعد انھیں درد، بخار، انجکشن کا کوئی منفی اثر یا دیگر کوئی تکلیف نہیں ہے۔"


جتیندر اوسوال کا کہنا ہے کہ بدھ کو ٹیکہ لگانے کے بعد دونوں پر نصف گھنٹے تک نظر رکھی گئی اور پھر اس کے بعد ہی انھیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ "انھیں سبھی ضروری نمبر دیئے گئے تھے جن پر ایمرجنسی کی حالت میں رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ ہماری میڈیکل ٹیم بھی ان کے ساتھ لگاتار رابطے میں ہے۔" علاوہ ازیں اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سنجے للوالی نے بدھ کے روز میڈیا سے کہا کہ "دونوں اشخاص کو ایک مہینے کے بعد ٹیکہ کی ایک اور خوراک دی جائے گی اور اگلے سات دن میں 25 لوگوں کو یہ ٹیکہ لگایا جائے گا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Aug 2020, 3:11 PM