کورونا ویکسین کا آج سے ڈرائی رن
کورونا ویکسین کے ڈرائی رن کے لئے دہلی کے تین مراکز کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں وینکٹیشور ہسپتال، دریا گنج ڈسپینسری اور گرو تیغ بہادر ہسپتال شامل ہیں۔
نئی دہلی: نئے سال کے دوسرے دن ملک کی ہر ریاست میں کورونا ویکسین کا ڈرائی رن شروع ہوگا۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کل سبھی ریاستوں میں شروع ہونے والے ڈرائی رن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں، انفرا سٹرکچر تیار ہے اور تمام حتمی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
ڈرائی رن کے تعلق سے تمام صوبوں کے اعلی افسران کو احکامات جاری کئے جا چکے ہیں اور پولیس بھی تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔ دہلی میں ڈرائی رن کے لئے تین مراکز کاانتخاب کیا گیا ہے جس میں جنوبی دہلی میں وینکٹیشور ہسپتال، سینٹرل ڈسٹرکٹ میں دریاگنج کی ڈسپینسری اور شاہدرہ ضلع یعنی مشرقی دہلی میں گرو تیغ بہادر ہسپتال شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ تینوں مراکز کے انچارج طبی افسران 25 طبی اہلکار کی نشاندہی کریں گے جن کو یہ ویکسین دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس ڈرائی رن میں مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن بھی شریک ہوں گے۔
اتر پردیش میں بھی آج صبح 9 بجے سے شام چار بجے تک یہ ڈرائی رن چلے گا۔ اتر پردیش میں یومیہ سو افراد کو اس ڈرائی رن میں ویکسین دینے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لکھنؤ کےسہارا ہسپتال، آر ایم ایل ہسپتال، کے جی ایم یواور ایس پی جی آئی میں کورونا ویکسین کا ڈرائی رن ہوگا۔
ڈرائی رن کے لئے جموں وکشمیر کے تین اضلاع کاانتخاب کیا گیا ہے اور اس کے لئے تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان اضلاع کے نو ہسپتالوں میں ڈرائی رن کے تعلق سے تمام تیاریاں کی جا چکی ہیں اور یہ پیر سے شروع ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Jan 2021, 8:40 AM