کورونا: مہاراشٹر کے بعد دہلی پر خوف کا سایہ، 24 گھنٹے میں 2716 نئے کیسز درج

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی میں 2716 نئے کیسز درج کیے گئے اور ایک مریض کی موت واقع ہوئی، اس درمیان 765 مریض شفایاب بھی ہوئے۔

کورونا ٹسٹ، تصویر آئی اے این ایس
کورونا ٹسٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں کورونا کی خوفناک صورت حال سے لوگ پریشان ہیں ہی، اب راجدھانی دہلی میں بھی کورونا کا گراف تیزی کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2716 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔ راجدھانی میں کورونا انفیکشن کی شرح بڑھ کر 3.64 فیصد ہو گئی ہے جو کہ گزشتہ 7 مہینے میں سب سے زیادہ ہے۔ کورونا کے معاملوں میں یہ 21 مئی 2021 کے بعد سب سے زیادہ بڑی تعداد ہے کیونکہ 21 مئی 2021 کو 3009 معاملے درج کیے گئے تھے۔ وہیں ہوم آئسولیشن میں کورونا کے 3248 مریضوں کا علاج جاری ہے۔

کورونا انفیکشن کے بڑھتے کیسز کے درمیان دہلی میں اس وبا سے ایک مریض کی موت بھی ہو گئی ہے۔ اس طرح دہلی میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 25108 ہو گئی ہے۔ دہلی میں مجموعی شرح اموات 1.73 فیصد ہے۔ دہلی میں کنٹنمنٹ زون کی تعداد بڑھ کر 1243 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں کورونا کے مجموعی طور پر اب تک 14 لاکھ 50 ہزار 927 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔


گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 765 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ اب تک راجدھانی میں 14 لاکھ 19 ہزار 459 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ دہلی میں دسمبر کے پہلے ہفتے میں پازیٹویٹی شرح 0.1 فیصد تھی، یہ بڑھ کر اب 3 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔ دہلی حکومت کے ذریعہ جاری تازہ کووڈ-19 ہیلتھ بلیٹن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 74622 لوگوں کی جانچ کی گئی۔ اس میں آر ٹی پی سی آر سے 64623 اور ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ سے 9999 لوگوں کی جانچ ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔