کورونا: ترکی میں عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی

ترکی میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان حکومت نے پر ہجوم ،عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ سے منسلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کردی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

انقرہ: ترکی میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان حکومت نے پر ہجوم ،عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ سے منسلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کردی ہے۔ ترکی کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کر کے اس بات کی اطلاع دی ۔ یہ پابندی جمعرات سے ہی نافذ ہوگی۔

اس سے قبل ایک حکم کے تحت تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ لیکن کچھ لوگ سگریٹ نوشی کے دوران اپنے ماسک ہٹا دیتے ہیں، لہذا نئے حکم کے مطابق ملک کی تمام ریاستوں میں پر ہجوم عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔


وزارت نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے لوگوں کو لامحالہ ماسک پہننا ہی پڑے گا۔ قبل ازیں ، ترک وزیرصحت فرحتین کوکا نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر اپنے عروج پر ہے۔

دریں اثنا ترکی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 2693 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ترکی میں 29 اپریل کے بعد ایک دن میں کورونا کے سب سے زیادہ نئے کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ، متاثرہ مریضو ں کی مجموعی تعداد چار لاکھ کو عبور کرچکی ہے جبکہ اس وبا سے 11 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ یوروپ کے بہت سے ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔