کورونا وبا ختم نہیں ہوئی، لاپرواہی ہمیں واپس ریڈ زون کی طرف دھکیل سکتی ہے: ضلع مجسٹریٹ سری نگر

ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے کہا کہ شہر میں کورونا کے مثبت کیسز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کمی درج کی جا رہی ہے، تاہم کوئی بھی لاپرواہی ہمیں واپس ریڈ زون کی طرف دھکیل سکتی ہے

اعجاز اسد، تصویر ٹوئٹر@AsadamAijaz
اعجاز اسد، تصویر ٹوئٹر@AsadamAijaz
user

یو این آئی

سری نگر: ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے کہا کہ شہر میں کورونا کے مثبت کیسز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کمی درج کی جا رہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کوئی بھی لاپرواہی ہمیں واپس ریڈ زون کی طرف دھکیل سکتی ہے جس سے بچنے کی ضرورت ہے۔

اعجاز اسد نے جمعرات کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا: 'جس طرح ہر جگہ کورونا کے مثبت کیسز میں کمی آ رہی ہے اسی طرح ضلع سری نگر میں بھی مثبت کیسز کی تعداد میں لگاتار کمی دیکھنے کو مل رہی ہے'۔ انہوں نے کہا: 'سری نگر میں آج 129 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح پہلی بار پانچ فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ٹھیک ہونے والوں کی شرح 96 سے زیادہ ہے۔ سری نگر میں فی الوقت مثبت کیسز کی تعداد قریب 1800 ہے'۔


تاہم ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ بھلے ہی کووڈ کیسز میں کمی درج کی جا رہی ہے لیکن یہی وقت ہے جب ہمیں بہت زیادہ مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'یہاں سے لاپرواہی ہمیں واپس ریڈ زون کی طرف دھکیل سکتی ہے اور مستعدی ہمیں گرین زون کی طرف لے جا سکتی ہے'۔

اعجاز اسد نے کہا کہ سری نگر میں اب تک تین لاکھ دس ہزار ویکسین ڈوزز لگائے جا چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'پورے ضلع میں ویکسینیشن میلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ہیلتھ سینٹر پر ویکسینیشن جاری ہے۔ سری نگر کے دیہی علاقوں میں بھی ویکسین لگوانے کی مہم جاری ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔