ممبئی سے بہار لوٹے مزدور نے کوارنٹائن سنٹر میں خود کو لگائی آگ، حالت نازک
بہار کے مظفر پور میں گائے گھاٹ ڈویژن واقع ایک کوارنٹائن سنٹر میں مہاجر مزدور نے خود کو آگ لگا لی ہے۔ خبر ملتے ہی انتظامیہ افسران وہاں پہنچے اور زخمی مزدور کو مقامی پی ایچ سی میں داخل کرایا۔
بہار کے مظفر پور واقع گائے گھاٹ ڈویژن میں کوارنٹائن سنٹر میں رہ رہے ایک مہاجر مزدور نے خود کو آگ کے حوالے کرتے ہوئے خودکشی کی کوشش کی۔ بری طرح جھلس چکے اس مزدور کو انتظامیہ کے لوگوں نے قریبی اسپتال میں داخل کرایا ہے جہاں اس کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔
پولس کے ایک افسر نے جمعہ کے روز بتایا کہ "35 سالہ مہاجر مزدور پورنیہ ضلع کا رہنے والا ہے جو تقریباً 8 دن قبل ممبئی سے اپنی موٹرسائیکل سے ہی مظفر پور کے کمرتھو گاؤں میں اپنے سسرال آیا تھا۔ سسرال والوں نے کورونا انفیکشن سے بچاؤ کے لیے نوجوان کو کوارنٹائن سنٹر پہنچا دیا تھا، تبھی سے نوجوان کمرتھو میں بنے کوارنٹائن سنٹر میں رہ رہا تھا۔"
بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی رات نوجوان کوارنٹائن سنٹر کے کمرے سے نکلا اور اپنی ہی بائک سے پٹرول نکال کر اپنے جسم پر چھڑک کر خود کو آگے کے حوالے کر دیا۔ گائے گھاٹ کے ڈویژن ڈیولپمنٹ افسر انل کما رنے بتایا کہ "آناً فاناً میں نوجوان کو مقامی ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے مظفر پور واقع ایس کے ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا۔" انل کمار نے کہا کہ "آگ لگانے کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے، حالانکہ کوارنٹائن سنٹر کے لوگوں کا کہنا ہے کہ نوجوان کچھ دنوں سے پریشان تھا۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 May 2020, 9:11 PM