لاک ڈاؤن میں گھر واپسی کی راہ دیکھ رہے مزدوروں کا پھوٹا غصہ، کئی گاڑیاں نذر آتش

گجرات کے سورت میں ہزاروں کی تعداد میں مہاجر مزدور سڑکوں پر اتر آئے اور گھر بھیجنے کا مطالبہ کرنے لگے۔ ہنگامہ اس قدر بڑھ گیا کہ مزدوروں نے آگ زنی کا واقعہ تک انجام دے دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا وائرس پر کنٹرول کرنے کے مقصد سے پورے ہندوستان میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ ایسے میں لوگوں کو بھی کئی طرح کی پریشانیاں اٹھانی پڑ رہی ہیں۔ کئی جگہوں پر تو لوگوں کوضروری سامان بھی نہیں مل پا رہا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہو رہا ہے کہ لوگ سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ ایک ایسا ہی معاملہ گجرات کے سورت میں دیکھنے کو ملا جہاں ہزاروں کی تعداد میں مہاجر مزدور سڑکوں پر اتر آئے اور گھر جانے کا مطالبہ کرنے لگے۔ ہنگامہ اس قدر بڑھ گیا کہ مزدوروں نے آگ زنی جیسے واقعہ کو بھی انجام دے دیا۔ پولس نے جب کچھ لوگوں کو حراست میں لیا تب جا کر معاملہ ختم ہوا۔


خبروں کے مطابق واقعہ جمعہ کی رات کا ہے جب ایک ساتھ ہزاروں مزدور سڑکوں پر اتر آئے تھے۔ مظاہرین نے کئی گاڑیوں اور ٹھیلوں میں آگ لگا دی۔ شام ڈھلتے ہی شہر کے لسکانا علاقے کی خاموشی اچانک شور شرابے میں تبدیل ہو گئی۔ علاقے میں رہ رہے دوسری ریاستوں کے سبھی مزدوروں نے محاذ کھولا اور گھر واپسی کا مطالبہ کرنے لگے۔ مظاہرہ کر رہے مزدوروں کا الزام ہے کہ انھیں تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔ ان کے پاس راشن پانی کے بھی پیسے ختم ہو گئے ہیں۔ وہیں مزدوروں کے ہنگامے کی خبر سنتے ہی پولس بھی موقع پر پہنچی اور کئی لوگوں کو حراست میں لے لیا۔


غور طلب ہے کہ گجرات میں کورونا کے مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ پورے صوبے میں ابھی تک کورونا کے 378 کیس سامنے آئے ہیں جس میں احمد آباد میں 197، وڈودرا میں 59، سورت میں 27، بھاؤنگر میں 22 اور راجکوٹ میں 18 معاملے ہیں۔ قابل غور ہے کہ گجرات میں کورونا سے اب تک 19 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔