ہندوستان میں ’کورونا‘ بستر مرگ پر، گزشتہ 24 گھنٹے میں محض 210 نئے کیسز درج، سرگرم کیسز کی تعداد 4047

مرکزی وزارت صحت کے ذریعہ جو تازہ اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں اس میں بتایا گیا کہ کورونا انفیکشن کی مجموعی تعداد اب 4 کروڑ 46 لاکھ 74 ہزار 649 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ایک طرف چین میں کورونا نے خوف کا ایسا عالم پیدا کر دیا ہے کہ حکومت سخت لاک ڈاؤن لگانے کو مجبور ہے، اور اس کے خلاف عوام سڑکوں پر دکھائی دے رہے ہیں۔ دوسری طرف ہندوستان میں کورونا بستر مرگ پر دکھائی دے رہا ہے۔ یعنی ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کے کیسز کم ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کی بات کی جائے تو ہندوستان میں محض 210 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہندوستان میں سرگرم کیسز کی تعداد گھٹ کر 4047 رہ گئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے ذریعہ جو تازہ اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں اس میں بتایا گیا کہ کورونا انفیکشن کی مجموعی تعداد اب 4 کروڑ 46 لاکھ 74 ہزار 649 ہو گئی ہے۔ کیرالہ میں انفیکشن سے موت کے معاملوں کی فہرست میں مزید ایک معاملہ جوڑے جانے کے بعد ہندوستان میں مہلوکین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 30 ہزار 654 ہو گئی ہے۔


وزارت صحت کی ویب سائٹ پر دی گئی جانکاری کے مطابق زیر علاج کورونا مریضوں کی تعداد انفیکشن کے مجموعی معاملوں کا 0.01 فیصد ہے۔ علاوہ ازیں کووڈ-19 سے صحت مند ہونے کی قومی شرح بڑھ کر 98.80 فیصد ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کووڈ-19 کے علاج کرا رہے مریضوں کی تعداد میں 181 معاملوں کی کمی درج کی گئی ہے۔ حکومت کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق کورونا مرض سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد اب بڑھ کر 4 کروڑ 41 لاکھ 39 ہزار 948 ہو گئی ہے، جبکہ مہلوکین کی تعداد 1.19 فیصد ہے۔ ملک بھر میں کورونا ٹیکہ کاری بھی جاری ہے اور اب تک 219.96 کروڑ خوراک لوگوں کو دی جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔