دہلی: ساؤتھ بلاک میں کورونا کی دستک، سکریٹری دفاع اجے کمار انفیکشن کے شکار
اجے کمار کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر عام ہونے کے بعد ساؤتھ بلاک میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے۔ خبروں کے مطابق احتیاطاً مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی بڑے افسران بدھ کے روز دفتر نہیں پہنچے۔
نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے معاملے تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں اور خصوصی طور پر دہلی میں انفیکشن کی رفتار میں کوئی کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ حالت یہ ہے کہ پارلیمنٹ کے بعد اب وزارت دفاع کے دفتر میں بھی کورونا کی دستک ہو گئی ہے۔ سکریٹری برائے دفاع اجے کمار کورونا انفیکشن کی زد میں آ گئے ہیں۔ رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد وہ فوری طور پر ہوم آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔ حالانکہ اس سلسلے میں وزارت دفاع نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ منگل کے روز ہی اجے کمار کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی تھی۔
اجے کمار کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر عام ہونے کے بعد ساؤتھ بلاک میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے۔ خبروں کے مطابق احتیاطاً مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی بڑے افسران بدھ کے روز دفتر نہیں پہنچے۔ اس درمیان یہ پتہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کتنے لوگ اجے کمار کے رابطہ میں آئے۔ وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر میں کام کرنے والے کم از کم 35 افسران کو فوری طور پر 'ہوم آئسولیشن' میں بھیجے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ فوری طور پر ساؤتھ بلاک کی پہلی منزل کو سینیٹائز بھی کیا گیا ہے۔
خبروں کے مطابق سکریٹری برائےد فاع اجے کمار کی کورونا رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد ان کے رابطہ میں آنے والے کئی لوگوں کی فہرست تیار کی گئی ہے اور ان میں سے کئی کا ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے، اس لیے میں حتمی طور پر یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ اب تک اجے کمار کے رابطہ میں آنے والے کتنے لوگوں کو ہوم کوارنٹائن کیا گیا ہے اور کتنے لوگوں کا ٹیسٹ کرایا جانا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔