کورونا بحران: تمل ناڈو میں لاک ڈاون میں 14 جون تک توسیع
وزیراعلی ایم کے اسٹالن نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اورلوگوں کی بیش قیمتی زندگی کو بچانے کے لئے صحت اور طبی ماہرین کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر لاک ڈاون میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چنئی: تمل ناڈو میں کووڈ۔19وبا کے مد نظر لاک ڈاون میں ایک ہفتہ مزید سات سے 14جون تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمل ناڈو حکومت نے لاک ڈاون کو کچھ مزید نرمی کے ساتھ ایک ہفتہ کے لئے بڑھانے کا سنیچر کو اعلان کیا۔
تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں کورونا کے معاملات کم ہو رہے ہیں لیکن کئی علاقو ں میں صورتحال اب بھی سنگین ہے۔ ریاست میں کورونا وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے دس مئی کو لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا جس کے بعد ہر ہفتہ اس میں توسیع کی جا رہی ہے۔
وزیراعلی ایم کے اسٹالن نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور لوگوں کی بیش قیمتی زندگی کو بچانے کے لئے ضلع وار صورتحال کے جائزہ کے بعد اور صحت اور طبی ماہرین کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر لاک ڈاون میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمل ناڈو کے چنئی، شمالی اور جنوبی اضلاع میں کورونا کے معاملات کم ہوئے ہیں اس لئے ان علاقوں میں لاک ڈاون میں زیادہ نرمی دی گئی ہے۔
ریاست کے گیارہ اضلاع کوئمبٹور، نیل گیری، ترپور، ایروڈ، سیلم، کرور، نمکل، تنجاور، ناگپٹنم، مائلادوتھورئی میں کورونا کے معاملات زیادہ ہونے کے مد نظر لاک ڈاون میں کم نرمی دی گئی ہے۔ ریاست میں لاک ڈاون کے دوران ضروری خدمات جاری رہیں گی لیکن عوامی اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سروس، شاپنگ کامپلکس، مال، سیاحتی مقام، تھیئٹر، سیلون اور اسپا بند رہیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔