کورونا بحران: کرگل میں تمام مذہبی، سیاسی اور سماجی اجتماعات پر پابندی

ضلع مجسٹریٹ کرگل سنتوش سکھ دیو نے کہا کہ ’’پابندی لگانے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمیں عوام کو بچانا ہے۔ یہ میوٹنٹ یا تبدیل شدہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اموات میں بھی لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

کرگل: کورونا وائرس کی دوسری اور خطرناک لہر کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں تمام مذہبی، سیاسی اور سماجی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کرگل سنتوش سکھ دیو نے پیر کو یہاں مذہبی، سماجی و سیاسی رہنمائوں کی ایک میٹنگ میں بولتے ہوئے کہا کہ ’’مذہبی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ سخت پابندیان نافذ کرنا چاہتی ہے ہم ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں۔ میں ابھی آپ کے سامنے اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ہم ہر طرح کے اجتماعات چاہے وہ مذہبی، سیاسی، سماجی یا ثقافتی ہوں سب پر پابندی لگائیں گے۔‘‘

سنتوش سکھ دیو نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’پابندی لگانے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمیں عوام کو بچانا ہے۔ یہ میوٹنٹ یا تبدیل شدہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اموات میں بھی لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں کورونا کے مریضوں کا صحیح سے علاج بھی نہیں ہو پا رہا ہے۔‘‘


ضلع مجسٹریٹ نے بعد ازاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ یونین ٹریٹری انتظامیہ کے احکامات پر ضلع کرگل میں پیر سے تمام اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پہلے سے طے شدہ شادی کی تقریبات یا جلوس جنازہ میں لوگوں کی شرکت محدود کر دی گئی ہے۔ باقی کسی بھی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘

لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے یہاں پر تمام مذہبی، سماجی اور سیاسی لیڈران کی میٹنگ بلائی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہمارے پڑوس اور ملک کی صورتحال سے پوری دنیا واقف ہے۔ میٹنگ میں حصہ لینے والے سبھی لیڈران نے کہا کہ وہ انتظامیہ کے کسی بھی فیصلے کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔