کورونا بحران پھر اثرانداز! کیرالہ میں اختتام ہفتہ پر لاک ڈاؤن کا اعلان

کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسوں کے درمیان کیرالہ حکومت نے ایک بار پھر سخت اقدامات اٹھانا شروع کر دیئے ہیں، ریاست میں اختتام ہفتہ پر پابندیاں برقرار رہیں گی اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا

لاک ڈاؤن، علامتی تصویر
لاک ڈاؤن، علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

ترواننت پورم: کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے سبب کیرالہ کی حکومت نے ایک بار پھر سخت اقدامات اٹھانا شروع کر دیئے ہیں۔ ریاست میں اختتام ہفتہ پر سختی برقرار رکھی جائے گی اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔ اس بار 31 جولائی اور یکم اگست کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

آج تک کی رپورٹ کے مطابق، کیرالہ حکومت کی جانب سے کی گئی اطلاع کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو ریاست میں سختی برتی جائے گی۔ اس کے علاوہ رعایات صرف پیر سے جمعہ تک فراہم کی جائیں گی۔ ریاست میں اختتام ہفتہ پر مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ تاہم، اس دوران کتابوں کی طباعت سے وابستہ افراد کو کام کرنے کی اجازت رہے گی۔


کیرالہ میں یہ فیصلہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب پچھلے کچھ دنوں میں کورونا کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ حال ہی میں عید کے موقع پر ریاستی حکومت نے ضوابط میں نرمی کی تھی، جس کے بعد اچانک نئے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق، ملک میں آنے والے نئے کیسوں میں پچاس فیصد کیرالہ سے درج ہو رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ اب 6 ممبروں پر مشتمل ایک ٹیم ریاست کو بھیجی جا رہی ہے، جو ریاست کی صورتحال کا جائزہ لے گی اور ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔


ملک میں بھی کورونا وائرس کے فعال معاملوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اب ان کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جن میں سے تقریباً 1.49 لاکھ فعال کیسز کا تعلق کیرلہ سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق کیرالہ کے متعدد اضلاع میں اچانک گزشتہ کچھ دنوں میں نئے کیسوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔