دہلی میں کورونا قہر جاری، 6746 نئے معاملے، 121 افراد کی موت
وزیر اعلی نے شادیوں میں شرکاء کی تعداد گھٹا کر واپس پچاس کر دی تھی اور کہا تھا کہ اگر بازاروں میں بھیڑ کم نہیں ہوئی تو وہ کچھ بازار بند کر سکتے ہیں۔
راجدھانی میں کورونا وائرس کا قہر مسلسل جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اس کے 6746 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ اس وبا سے 121 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ ہیلتھ بلیٹن میں یہ اطلاع دی گئی ہے۔
دہلی میں کل نئے معاملوں میں کچھ کمی نظر آ ئی تھی لیکن اتوار کو اس تعدادمیں پھر اضافہ دیکھنے کو ملاہے ۔ دہلی میں اس نئے رجحان سے دہلی والوں میں خوف پھیل رہا ہے ۔ دہلی کے نجی ہسپتالوں میں بیڈس دستیاب نہیں ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں بیڈس خالی ہیں لیکن وہاں مریض جاتےہوئے خوفزدہ ہیں۔
واضح رہے کانگریس کےرہنما اور سابق مرکزی وزیر اجے ماکن نے گزشتہ ہفتہ دہلی حکومت سے اپیل کی تھی کہ حالات خراب ہو رہے ہیں اس لئے دہلی میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگا دیاجائے۔دہلی کے وزیر اعلی نے شادیوں میں شرکاء کی تعداد گھٹا کر واپس پچاس کر دی تھی اور کہا تھا کہ اگر بازاروں میں بھیڑ کم نہیں ہوئی تو وہ کچھ بازار بند کر سکتے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی دلی میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 529863 ہوگئی ہے اور 8391 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اس دوران 6154 مریضوں کے صحت مند ہونے سے انفیکشن سے آزاد ہونے والے مریضوں کی تعداد 481260 پہنچ گئی ہے۔
بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ سرگرم معاملے بڑھ کر 40212 ہوگئےہیں۔ کل 23301 مریض گھروں میں ہی آئسولیشن میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔