دہلی میں کورونا کے معاملوں میں تیزی، انفیکشن کی شرح 14 فیصد سے متجاوز، پہلی بار پایا گیا اومیکرون کا سب ویرینٹ
دہلی میں پہلی بار اومیکرون کا سب ویرینٹ پایا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اسی کے سبب انفیکشن کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ معاملوں میں اضافہ کے سبب حکومت نے سختی برتنی شروع کر دی ہے
نئی دہلی: دہلی میں ایک بار پھر کورونا کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2726 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ پازیٹوٹی کی شرح 14.38 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی میں کورونا کی وجہ سے 6 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
دریں اثنا، دہلی میں پہلی بار اومیکرون کا نیا سب ویرینٹ بی اے 2.75 پایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ سے کورونا کے انفیکشن کی شرح بڑھ رہی ہے۔ ان بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سختی برتنا شروع کر دی ہے۔
دہلی حکومت کورونا کے بڑھتے معاملوں کے سبب حرکت میں آ گئی ہے اور جمعرات کے روز ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ماسک نہیں پہننے پر 500 روپے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ حکومت نے اس مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دینا شروع کر دی ہیں۔
دراصل، ایک طرف تو کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور دوسری طرف لوگ لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بس، میٹرو، پارک اور دیگر مقامات پر بغیر ماسک پہنے ہوئے لوگ نظر آ رہے تھے۔
وہیں، ملک میں کورونا کے معاملات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16561 نئے مریضوں کے ساتھ معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ روز یہ تعداد 16299 تھی۔ مرکزی وزارت صحت نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ اسی عرصے میں مزید 49 اموات کے ساتھ ملک بھر میں اموات کی تعداد 526928 ہو گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔