ہندوستان میں کورونا کے کیسز میں پھر اضافہ، ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 1.20 لاکھ سے متجاوز
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے اوریہ ایک بار پھر 40 ہزار کو عبور کر چکے ہیں اور ایک ہی دن میں اموات کی تعداد بھی 500 تک جا پہنچی ہے
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے اور یہ ایک بار پھر 40 ہزار کو عبور کر چکے ہیں اور ایک ہی دن میں اموات کی تعداد بھی 500 تک جا پہنچی ہے۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناوائرس کے 43،893 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک دن پہلے ہی یہ تعداد 36،470 تھی۔ اسی مدت کے دوران 58،439 کورونا مریضوں نے وبا کو شکست دی،جس سے ایکٹیو کیسز کی تعداد 15،054 سے گھٹ کر 6،10،803 رہ گئی۔ اسی عرصے کے دوران 508 کورونامریضوں کی موت سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔
جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس سے اب تک 79.90 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 72.59 لاکھ شفایاب ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ملک میں کورونا وائرس سے شفایابی کی شرح 90.85 فیصد ،ایکٹیو کیسز کی شرح 7.64 فیصد ، جبکہ اموات کی شرح 1.50 فیصد ہے۔
ملک میں کورونا کی جانچ ساڑھے 10 کروڑ سے متجاوز
ملک میں کورونا وائرس سے روک روک تھام کیلئے زیادہ سے زیادہ جانچ کر کے متاثرین کا پتہ لگانے کی مہم میں 27 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کی جانچ کی مجموعی تعداد ساڑھے 10کروڑ سے زیادہ ہوگئی۔ بدھ کے روز انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 27 اکتوبر کو 10 لاکھ 60 ہزار 786 کورونا نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا اور اسے ملاکر جانچوں کی مجموعی تعداد 10 کروڑ 54 لاکھ 87 ہزار 680 تک ہوگئی۔
خیال رہے بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 24 ستمبر کو ملک میں ایک دن میں ریکارڈ 14 لاکھ 92 ہزار 409 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔