ہندوستان میں کورونا کے نئے معاملوں کی تعداد 71 دنوں میں سب سے کم 80834، اموات کی تعداد 3303
نئے معاملوں کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 95 لاکھ کے قریب پہنچ گئی، وہیں اب تک 370384 افراد اس وبا کے سبب اپنی جان گنوا چکے ہیں
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے نئے معاملوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ مئی کے مہینے میں جہاں ہر روز 4 لاکھ سے زیادہ معاملے رپورٹ ہو رہے تھے وہیں اب یہ تعداد کم ہو کر ایک لاکھ سے نیچے آ گئی ہے۔ تاہم کورونا سے ہونے والی اموات ہنوز تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 80834 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں۔ اس دوران 3303 افراد کی جان چلی گئے۔ کورونا کے آج رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد گزشتہ 71 دنوں میں سب سے کم ہے۔
نئے معاملوں کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 95 لاکھ کے قریب پہنچ گئی، وہیں اب تک 370384 افراد اس وبا کے سبب اپنی جان گنوا چکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 132062 مریض شفایاب ہوئے ہیں جبکہ تاحال دو کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ (28043446) لوگ اس بیماری کو مات دے چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں نئے معاملوں کے مقابلہ شفایاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب فعال کیسز کی تعداد کم ہوئی ہے۔ ملک میں فی الحال 1026159 کیسز فعال ہیں۔
انفیکشن کی شرح یعنی پازیٹیوٹی ریٹ پر نظر ڈالیں تو یہ لگاتار 6ویں دن 5 فیصد سے کم درج کی گئی ہے۔ فی الحال پازیٹوٹی ریٹ 4.25 فیصد پر ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کےک دوران ویکسین کی 3484239 خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 253195048 خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔