محتاط رہ کر ہی کورونا سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے: آر سی پی سنگھ

آر سی پی سنگھ نے کہا کہ جہاں ہماری حکومت ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہے وہیں جے ڈی یو بھی اپنی طرف سے لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف ہے۔

 آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پٹنہ: جے ڈی یو کے قومی صدر آر سی پی سنگھ نے کہا کہ ہم محتاط رہ کر ہی کورونا کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ اس وبا کو ختم کرنے کے لئے بیداری ہی سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صرف اس وقت گھر سے باہر نکلنا چاہیے، جب نکلنا بہت ضروری ہو، جسمانی فاصلے پر عمل کریں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اپنی سوچ کو پازیٹو رکھیں۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ جن لوگوں نے یہ ویکسین نہیں لی ہے وہ بلاتا خیر ویکسین لیں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو ترغیب دیں۔

آر سی پی سنگھ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں نتیش حکومت مضبوطی سے کام کر رہی ہے اور وہ مسلسل بڑے فیصلے لے رہی ہے۔ آکسیجن کی فراہمی کو معمول پرلانے کے لیے تمام سرکاری میڈیکل کالج اسپتالوں میں لکوڈ آکسیجن ٹینک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک اور فیصلے کے تحت اب بہار میں آکسیجن پیدا کرنے والے یونٹ کے قیام کے لئے حکومت تعمیراتی لاگت میں 30 فیصد سبسڈی دے گی۔ کورونا ویکسین کی خریداری کے لئے چار ہزار کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ حکومت نے کورونا سے ریاستی کارکنوں کی موت پر کنبہ کے ممبروں کو خصوصی خاندانی پنشن دینے کے علاوہ کسی ممبر کو نوکری دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔


آر سی پی سنگھ نے کہا کہ جہاں ہماری حکومت ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہے وہیں جے ڈی یو بھی اپنی طرف سے لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے تمام کارکنوں سے کہا کہ وہ حکومت اور عام لوگوں کے مابین ایک پل کی حیثیت سے کام کریں اور حکومت کے اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں مکمل تعاون کریں۔ اسپتالوں میں بستر، آکسیجن، وینٹی لیٹر اورعلاج وغیرہ کی دستیابی کے بارے میں جاننے کے لئے ہمیشہ سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔