کرناٹک کے نرسنگ کالج میں ’کورونا دھماکہ‘، 32 طلبا کووڈ پازیٹو
کرناٹک کے وزیر صحت کے. سدھاکر کا کہنا ہے کہ ’’کرناٹک کے طلبا کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ وہ سبھی کیرالہ سے لوٹے ہیں۔ میں کالج کا دورہ کروں گا اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی کروں گا۔‘‘
ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اسکول اور کالج کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، لیکن اس کے منفی اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں، کرناٹک میں گزشتہ مہینے ہی اسکول و کالج کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا، اور اب کرناٹک کے کولار ضلع واقع ایک نرسنگ کالج میں 32 طلبا کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ان سبھی طلبا کا گزشتہ دو دنوں میں کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے۔ ان طلبا میں سے بیشتر کا تعلق تمل ناڈو اور کیرالہ سے ہے۔ وزیر صحت نے اس سلسلے میں افسران سے رپورٹ طلب کی ہے اور کولار ضلع کا دورہ بھی کیا ہے۔
کرناٹک کے وزیر صحت کے. سدھاکر کا کہنا ہے کہ ’’کرناٹک کے طلبا کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ وہ سبھی کیرالہ سے لوٹے ہیں۔ میں کالج کا دورہ کروں گا اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی کروں گا۔‘‘ دراصل کرناٹک کے کچھ اضلاع کی سرحد کیرالہ کے نزدیک ہے۔ کیرالہ میں کووڈ انفیکشن کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ کیرالہ میں روزانہ تقریباً 30 ہزار سے زیادہ کورونا کے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کرناٹک الرٹ ہو گیا ہے اور کیرالہ کے حالات پر گہری نظر بھی رکھے ہوئے ہے۔
جہاں تک کرناٹک کی بات ہے، کیرالہ کے مقابلے یہاں کی حالت کافی بہتر ہے۔ کرناٹک میں منگل کے روز کووڈ کے 1217 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور 25 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مجموعی طور پر متاثرین اور مہلوکین کی تعداد بڑھ کر بالترتیب 29 لاکھ 49 ہزار 445 اور 37 ہزار 318 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت نے منگل کو بتایا کہ دن میں 1198 مریض نے کورونا کو شکست دی، جس کے بعد مجموعی طور پر صحت مند ہوئے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 28 لاکھ 93 ہزار 715 ہو گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔