مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پر کورونا کا حملہ، گھر میں ہوئے کوارنٹائن، سبھی پروگرام رَد
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ راجناتھ سنگھ میں کورونا کی ہلکی علامتیں دیکھنے کو مل رہی ہیں جس کے پیش نظر انھیں گھر میں کوارنٹائن رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے درمیان مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ انھیں فی الحال گھر میں ہی کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ان کی جانچ کی ہے اور آئندہ کچھ دنوں کے لیے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ راجناتھ سنگھ میں کورونا کی ہلکی علامتیں دیکھنے کو مل رہی ہیں جس کے پیش نظر انھیں گھر میں کوارنٹائن رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ راجناتھ سنگھ کو آج ہی ہندوستانی فضائیہ کی کمانڈر کانفرنس میں جانا تھا، لیکن کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد انھیں اپنا پروگرام رد کرنا پڑا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جب تک وہ گھر میں کوارنٹائن رہیں گے یا پھر ڈاکٹروں کے مشورہ کے مطابق آرام کریں گے، تب تک کے سبھی پروگرام انھیں رَد کرنے ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کل (بدھ) ہی فوجی کمانڈرس کی ایک تقریب سے خطاب کیا تھا۔ اس دوران انھوں نے ہندوستانی فوج کے سرکردہ کمانڈرس کو حقیقی لائن آف کنٹرول (ایل اے سی) پر سخت نگرانی بنائے رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ دراصل کمانڈرس کے 5 روزہ سمیلن کے دوران پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدوں پر قومی سیکورٹی چیلنجز اور فورس کی جنگی صلاحیت کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور و خوض کیا گیا ہے۔ فوجی کمانڈرس کا سال 2023 کا پہلا سمیلن 17 اپریل 2023 کو ایک ہائبرڈ شکل میں شروع ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔