گجرات میں کورونا پھر بے قابو، احمد آباد-سورت سمیت ان چار شہروں میں رات کا کرفیو نافذ

حکومت گجرات کی جانب سے منگل کے روز جاری رہنما ہدایات کے مطابق احمد آباد، وڈودرا، سورت اور راج کوٹ میں 17 مارچ سے 31 مارچ تک ہر روز رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کیا جائے گا۔

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

احمد آباد: گجرات میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر حکومت نے چار شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت گجرات کی جانب سے منگل کے روز جاری رہنما ہدایات کے مطابق احمد آباد، وڈودرا، سورت اور راج کوٹ میں 17 مارچ سے 31 مارچ تک ہر روز رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کیا جائے گا۔

دراصل گجرات میں کورونا کے اعداد و شمار میں پھر تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ پیر کے روز ریاست میں 24 گھنٹے میں 890 معاملے درج کیے گئے۔ اسی خطرے کے پیش نظر ناظرین کے بغیر میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہندوستان-انگلینڈ کے درمیان آج تیسرا ٹی-20 مقابلہ کھیلا جانا ہے، لیکن اس میں بھی ناظرین موجود نہیں ہوں گے۔


ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کے خطرے کے پیش نظر وزیر اعظم مودی نے تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کی ہے۔ بدھ کے روز دوپہر ساڑھے 12 بجے اس میٹنگ کا انعقاد ہونا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ میٹنگ میں وزیر اعطم مودی کورونا کا انفیکشن پھیلنے سے روکنے کے اقدامات اور ٹیکہ کاری کے حوالہ سے تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔

گجرات حکومت میں وزیر ایشور پٹیل کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ دو روز قبل کورونا کی علامات نظر آنے کے بعد ان کا کورونا کا ٹیسٹ کرایا گیا تھا، جس کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ وزیر ایشور پٹیل کی علامات عام تھیں اور وہ کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز حاصل کر چکے ہیں۔ فی الحال ان کا علاج احمد آباد کے یو این مہتا اسپتال میں چل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔