چارہ گھوٹالہ میں سزایافتہ لالو پرساد کی صحت بگڑی، رانچی سے دہلی ایمس منتقل کرنے کی تیاری

میڈیکل بورڈ چیئرمین ڈاکٹر ودیاپتی نے بتایا کہ لالو پرساد یادو کی کڈنی کے فنکشن میں لگاتار گراوٹ آ رہی ہے، منگل کو ہوئی جانچ میں ان کا کریٹنن سطح 4.6 پایا گیا ہے، یہ ایک خطرناک اشارہ ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چارہ گھوٹالے میں سزا یافتہ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی صحت میں لگاتار گراوٹ کی وجہ سے انھیں رانچی واقع ریمس سے نئی دہلی واقع ایمس منتقل کیا جائے گا۔ ریمس کے میڈیکل بورڈ کی منگل کی دوپہر ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا جائے گا۔ ممکن ہے کہ انھیں سہ پہر تین بجے ایئر ایمبولنس سے دہلی لے جایا جائے گا۔

میڈیکل بورڈ چیئرمین ڈاکٹر ودیاپتی نے بتایا کہ لالو پرساد یادو کی کڈنی کے فنکشن میں لگاتار گراوٹ آ رہی ہے، منگل کو ہوئی جانچ میں ان کا کریٹنن سطح 4.6 پایا گیا ہے۔ یہ ایک خطرناک اشارہ ہے، اس لیے انھیں فوراً ہایر میڈیکل سنٹر لے جائے جانے کی ضرورت ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ 21 فروری کو سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ نے لالو پرساد یادو کو ڈورنڈا ٹریزری سے 139 کروڑ روپے کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں پانچ سال جیل کی سزا سنانے کے ساتھ 60 لاکھ روپے جرمانہ بھرنے کو کہا تھا۔ صحت خراب ہونے کے سبب جیل انتظامیہ نے انھیں رانچی واقع ریمس میں داخل کرایا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق لالو کی کڈنی 80 فیصد کام نہیں کر رہی ہے۔ تقریباً 10 دن پہلے ان کا کریٹنن سطح 4.1 تھا، جو اب بڑھ کر 4.6 ہو گیا ہے۔ ریمس کے ڈاکٹروں نے ان کی گرتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے بلڈ پریشر اور ذیابیطس سمیت ان بیماریوں کے لیے دی جانے والی دوائیوں کی خوراک لگاتار بڑھائی تھی، لیکن اس کے بعد بھی ان کی صحت لگاتار خراب ہو رہی ہے۔


لالو پرساد یادو اس کے پہلے بھی چارہ گھوٹالے کے دوسرے معاملوں میں سزا سنائے جانے کے بعد ریمس میں عدالتی حراست میں کئی مہینوں تک علاج کراتے رہے تھے۔ گزشتہ سال نومبر میں بخار اور کمزوری کی شکایت پر انھیں ریمس میں داخل کرایا گیا تھا۔

اِدھر چارہ گھوٹالے کے ایک دیگر سزا یافتہ آر کے رانا کی بھی صحت خراب ہو گئی ہے اور انھیں بھی ریمس نے ایمس دہلی ریفر کر دیا ہے۔ رانا کے پھیپھڑے میں لگاتار پانی بھر رہا ہے، اس وجہ سے انفیکشن پورے جسم میں پھیل رہا ہے۔ فی الحال انھیں بہتر صحت کے لیے ونٹلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ آر کے رانا کو 15 مارچ کو برسا منڈا سنٹرل جیل ہوٹوار سے علاج کے لیے ریمس لایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔