پیغمبر اسلام ؐ کی خیالی تصویر کا معاملہ: کتاب کے ناشر کو خط لکھ کر جمعیۃ کا شدید اظہارِ مخالفت
ودیا پرکاشن مندر پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ شائع اور رینو بشنوئی نامی مصنف کے ذریعہ مرتب کلاس -4 کی سوشل سائنس کی کتاب کو فوراً واپس لینے کا جمعیۃ علمائے ہند نے مطالبہ کیا ہے
نئی دہلی: پیغمبر حضرت محمد کی خیالی تصویر شائع کرنے کے خلاف ودیا پرکاشن مندر پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ شائع اور رینو بشنوئی نامی مصنف کے ذریعہ مرتب کلاس -4 کی سوشل سائنس کی کتاب کو فوراً واپس لینے کا جمعیۃ علمائے ہند نے مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ ناشر کے نام جاری خط میں کیا گیا ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے ودیا پرکاشن مندر پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ شائع اور رینو بشنوئی نامی مصنف کے ذریعہ مرتب کلاس -4 کی سوشل سائنس کی کتاب کے باب 'دے شوڈ اس وی وے' They Showed us the Way کے صفحہ نمبر - 89 پر، مسلمانوں کی آخری پیغمبر حضرت محمد ؐ کی تصویر شائع کرنے پر کتاب کے ناشر کو ایک خط لکھ کر شدید مخالفت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ کتاب کو مارکیٹ سے فوراً واپس منگایا جائے اور مستقبل میں اس طرح کے قابل اعتراض مواد سے احتیاط برتے۔اور ناشر کو متنبہ کیا کہ اس طرح کی آئندہ کسی بھی اشاعت کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مولانا مدنی نے کہا کہ حضرت محمد ؐ کی کوئی حقیقی تصویر موجود نہیں ہے اور مذہب اسلام کے مطابق ان کی خیالی تصویر شائع کرنا ممنوع اور قابل مذمت عمل ہے اور اس اشاعت نے مسلم معاشرے کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے اور ان میں غم و غصہ کا ماحول پایا جاتا ہے۔
مولانا مدنی کے خط کے جواب میں ودیا پرکاشن مندر لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے مولانا مدنی کو مخاطب خط میں لکھا ہے کہ ''یہ معاملہ پچھلے سال کرونا ماہماری کے وقت منظر عام پر آنے کی بعد ہی اس اشاعت کو فوری طور پر بازار سے واپس منگا لیا گیا تھا۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ پرکاشن اپنی اس بڑی غلطی پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور یہ یقین دہانی کراتا ہے کہ آئندہ کبھی ایسی بھول نہیں کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Apr 2021, 8:40 PM