مانجھی کی 'این ڈی اے' میں شمولیت پر تنازعہ، ایل جے پی نے اٹھائے سوال!

راجو تیواری کا کہنا ہے کہ جیتن رام نے این ڈی اے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا لیکن یہ سوال اٹھنا لازمی ہے کہ اس موقع پر بی جے پی، جے ڈی یو اور ایل جے پی کا کوئی سرکردہ لیڈر موجود کیوں نہیں تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی کی قیادت والے ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم) کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) میں واپسی پر حلیف لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی) نے کہا کہ اس موقع پر کسی بھی حلیف جماعت کی اعلیٰ قیادت کی عدم موجودگی سے سوال اٹھنا لازمی ہے۔

بہار ایل جے پی پارلیمانی بورڈ کے صدر اور رکن اسمبلی راجو تیواری دہلی میں 07 ستمبر کو ریاستی پارلیمانی بورڈ کی ہونے والی میٹنگ میں حصہ لینے کے لئے روانہ ہونے سے قبل جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ’ہم‘ کے صدر جیتن رام مانجھی نے بدھ کو خود ہی این ڈی میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔ ویسے بھی قبل میں مقررہ پروگرام کے تحت جیتن مانجھی آج اس کا اعلان کرنے والے تھے لیکن جلد بازی میں انہوں نے کل ہی اعلان کر دیا۔


ایل جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ جیتن رام مانجھی کے این ڈی میں شامل ہونے کے اعلان کے وقت نہ تو این ڈی اے کی حلیف بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے بہار معاملوں کے انچارج بھوپندر یادو، بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر سنجے جیسوال، جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے قومی صدر اور وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نہ ہی ایل جے پی کے قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان موجود تھے۔ ایسے میں جیتن رام مانجھی کے این ڈی اے میں شامل ہونے پر سوال اٹھنا تو لازمی ہے۔ واضح رہے کہ ”ہم“ کے صدر جیتن رام مانجھی نے کل کہا تھا کہ وہ جے ڈی یو کی حلیف کے طور پر این ڈی اے میں بلا شرط شامل ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔