تروپتی مندر کے لڈوؤں میں ’چربی‘ کے الزامات پر تنازعہ بڑھا، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے تحقیقات کرانے کا کیا وعدہ

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے لڈوؤں میں ’چربی‘ معاملے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے تروپتی پرساد معاملے میں سی بی آئی جانچ کی ضرورت ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، بشکریہ ٹوئٹر</p></div>

علامتی تصویر، بشکریہ ٹوئٹر

user

قومی آواز بیورو

آندھرا پردیش کے تروپتی مندر میں بطور پرساد تقسیم کیے جانے والے لڈوؤں میں مبینہ طور پر گائے کی چربی کے استعمال کا دعویٰ سنسنی خیز صورت اختیار کر گیا ہے۔ اس معاملے میں سیاسی بیان بازیاں اور الزامات کا دور بھی شروع ہو چکا ہے۔ اب مرکزی وزیر برائے فوڈ پرہلاد جوشی نے جمعہ کے روز آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندربابو نائیڈو کے ذریعہ تروپتی کے لڈوؤں میں مویشی کی چربی کے استعمال کے سلسلے میں لگائے گئے الزامات کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی فوڈ ریگولیٹری اعلیٰ سطحی سمیلن کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نے جو کچھ بھی کہا ہے وہ سنگین فکر کا موضوع ہے۔ تفصیلی جانچ کی ضرورت ہے اور قصوروار کو سزا دی جانی چاہیے۔


قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ نائیڈو کے دعویٰ سے عقیدتمندوں میں فکر پیدا ہو گئی ہے۔ بدھ کے روز این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے دوران نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیادت والی حکومت نے تروپتی مندر کو بھی نہیں بخشا۔ گزشتہ حکومت میں لڈو بنانے کے لیے گھٹیا مواد اور مویشی کی چربی کا استعمال کیا گیا۔

دوسری طرف مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے بھی اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے تروپتی پرساد معاملے میں سی بی آئی جانچ کی ضرورت ہے۔ سی بی آئی کو جانچ کرنی چاہیے کہ پرساد میں استعمال ہونے والے گھی پر کتنا پیسہ خرچ ہوا؟ گری راج سنگھ نے مزید کہا کہ اس کی بھی جانچ ہونی چاہیے کہ کیا ہندو مذہب کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی تھی؟ جو لوگ قصوروار ہیں انھیں پھانسی کی سزا ملنی چاہیے۔ مرکزی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف گھوٹالہ کا نہیں ہے، آندھرا پردیش کی وائی ایس آر حکومت نے بڑے پیمانے پر ہندوؤں کا مذہب تبدیل کروانے کا کام کیا تھا۔


ٹی ڈی پی ترجمان اے وینکٹ رمن ریڈی نے اس معاملے میں جمعرات کے روز امراوتی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ شری وینکٹیشور سوامی مندر کا انتظام و انصرام دیکھنے والے ادارہ ترومالا تروپتی دیوستھانم (ٹی ٹی ڈی) کے ذریعہ دستیاب کرائے گئے گھی کے نمونوں میں ملاوٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ جانچ گجرات واقع مویشی تجربہ گاہ کے ذریعہ کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔