میری ’بددعا‘ سے ہوا کرکرے کا خاتمہ، پرگیہ ٹھاکر کا شہید پر نازیبا تبصرہ

سادھوی پرگیہ ٹھاکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ سابق اے ٹی ایس چیف شہید ہیمنت کرکرے کے خلاف بیانبازی کر رہی ہے، پرگیہ کا کہنا ہے ’میں نے کرکرے سے کہہ دیا تھا کہ تیرا سروناش ہوگا۔‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بھوپال: بھوپال پارلیمان حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کی امیدوار سادھوی پرگیہ ٹھاکر نے مہاراشٹر اے ٹی ایس (انسداد دہشت گردی دستہ) کے سربراہ شہید ہیمنت کرکرے کی شہادت کے خلاف زہر فشانی کی۔ مالیگاؤں دھماکہ معاملہ میں دہشت گردی کی ملزمہ پرگیہ کا کہنا ہے کہ اس کے بددعا دینے کے سوا مہینے کے اندر ہی ہمنت کرکرے شہید ہو گئے۔ پرگیہ کے اس بیان پر اس کی کافی فضیحت بھی ہو رہی ہے۔

سادھوی پرگیہ ٹھاکر کا اس سلسلے میں ایک ویڈیو آج سوشل میڈیا پر جم کر وائرل ہورہا ہے،جس میں وہ مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) کے اس وقت کے چیف اور ممبئی دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے افسر ہیمنت کرکرے کے سلسلے میں بول رہی ہے۔

ویڈیو تقریباً پونے دو منٹ کی ہے جس میں پرگیہ کسی تفتیشی کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتاتی ہے کہ اس کے رکن نے کرکرے کو بلاکر کہا تھا کہ اگر سادھوی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، تو اسے حراست میں رکھنا نامناسب ہے۔ اس پر کرکرے نے کہا کہ وہ ثبوت کہیں سے بھی لائیں گے، لیکن سادھوی کو نہیں چھوڑیں گے۔ پرگیہ نے کہا کہ یہ ان کی ملک سے غداری اور مذہب کے خلاف کام تھا۔

پرگیہ نے کہا، ’’ٹھیک سوا ماہ بعد سوتک لگتا ہے، جب کسی کے یہاں کسی کی پیدائش یا موت ہوتی ہے، جب میں وہاں گئی تو ان کے یہاں سوتک لگ گیاتھا اور ٹھیک سوا ماہ بعد انہیں دہشت گردوں نے مار گرایا تھا، اس دن سوتک ختم ہوگیا تھا۔‘‘ اس ویڈیو میں سادھوی کی بات پر سامعین تالیاں بجاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

پرگیہ ٹھاکر ایک دہائی سے زیادہ وقت پہلے مہاراشٹر کے مالے گاؤں دھماکے معاملے میں مہاراشٹر اے ٹی ایس کی حراست میں کافی وقت رہی ہے۔ اس وقت ہیمنت کرکرے نے بھی ان سے ریمانڈ کے دوران پوچھ تاچھ کی تھی۔

بدھ کو بھوپال سے بی جےپی امیدوار ہونے کے اعلان کے بعد سے ہی وہ حراست میں خود سے ہوئی پوچھ تاچھ کے سلسلے میں کافی بیان دے رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں دیر شام پرگیہ نے بی جے پی کارکنان کے جلسے میں کہا کہ ہیمنت کرکرے نے پوچھ تاچھ کے دوران اسے کافی پریشان کیاتھا، اس لئے اس نے ان سے کہا تھا کہ ’تیرا سروناش ہوگا‘۔

غورطلب ہے کہ مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں سال 2008 میں بم دھماکے ہوئے تھے جس میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ بی جے پی کی طرف سے پرگیہ کو بھوپال سے امیدوار بنائے جانے کے بعد سیاسی کارکن تحسین پوناوالا نے جمعرات کو الیکشن کمیشن سے گذارش کی ہے کہ پرگیہ کو الیکشن لڑنے سے روکا جائے کیوں کہ اس پر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔