اتر پردیش: مہوبا میں ای وی ایم مشین کا کنٹرول یونٹ غائب ہونے سے کھلبلی
معاملے میں پولنگ بوتھ میں الیکشن ٹیم کی بڑی لاپرواہی مانتے ہوئے پریزائڈنگ افسر کملیش کمار اور پولنگ پارٹی کے دیگر تمام اراکین کو پولس حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
مہوبا : اترپردیش کے ضلع مہوبا میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں پیر کو ہوئی پولنگ کے بعد ایک ای وی ایم مشین کا کنٹرول یونٹ غائب ہو جانے سے کھلبلی مچ گئی۔
ضلع الیکشن افسر اور پولس سپرنٹنڈنٹ کی قیادت میں کنٹرول یونٹ کی برآمدگی کے لئے پنواڑی علاقے میں شب بھر تلاشی مہم چلائی گئی۔ اس معاملے میں قصوروار پولنگ پارٹی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ وریندر سنگھ نے منگل کو یہاں بتایا کہ معاملہ پنواڑی علاقے کے فدنا گاؤں کا ہے۔
یہاں پولنگ مراکز 92 کے بوتھ نمبر 127 میں پولنگ کے بعد پولنگ پارٹی کی جانب سے دیر شام مہوبا پہنچ کر ریاستی پولی ٹیکنک کالج میں جب ای وی ایم مشین اور دیگر سامان جمع کرایا جارہا تھا اس وقت اے وی ایم کا ڈاٹا سیو کرنے والا کنٹرول یونٹ غائب پائے جانے سے کھلبلی مچ گئی۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولس اور انتظامیہ کی ٹیموں کو فوری طور بوتھ پر بھیج کر گاؤں کے ایک ایک گھر میں تلاشی مہم چلا کر اس اہم کنٹرول یونٹ کو برآمد کر نے کی کوشش کی گئی، لیکن ابھی تک کامیابی نہیں مل پائی ہے۔
ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ضلع الیکشن افسر سہدیو اور پولس سپرنٹنڈنٹ سوم ناتھ کی قیادت میں پولس اور سینئر انتظامیہ کے افسران کی ٹیمیں علاقے میں اب بھی کنٹرول یونٹ کو تلاش کر رہے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ کنٹرول یونٹ کہاں گر گیا یا اسے کسی نے جان بوجھ کرغائب کر دیا۔ معاملے میں پولنگ بوتھ میں الیکشن ٹیم کی بڑی لاپرواہی مانتے ہوئے پریزائڈنگ افسر کملیش کمار اور پولنگ پارٹی کے دیگر تمام اراکین کو پولس حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔