الیکٹورل بانڈ معاملہ: ایس بی آئی کی درخواست کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی عرضداشت پیش

ایس بی آئی نے 4 مارچ کو سپریم کورٹ سے یہ درخواست کی تھی کہ الیکٹورل بانڈز کے خریداروں کی تفصیلات دینے کے لیے اسے 30 جون تک کا وقت دیا جائے۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

الیکٹورل بانڈ سے متعلق تفصیلات دینے کے لیے ایس بی آئی کے ذریعے 30 جون تک کا وقت طلب کرنے کے خلاف ایک این جی او نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی عرضداشت داخل کی ہے، جس پر ایس بی آئی کی درخواست کے ساتھ ہی سماعت ہونے کی امید ہے۔ یہ عرضداشت سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پرشانت بھوشن کے ذریعے داخل کی گئی ہے۔

غیر سرکاری تنظیم ’ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس‘ (اے ڈی آر) کے ذریعے داخل کی گئی اس عرضداشت پر سپریم کورٹ سماعت کے لیے تیار ہو گئی ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی بنچ نے اے ڈی آر کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل پرشانت بھوشن کی توہین عدالت پر سماعت سے متعلق دلیلوں کو سننے کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پرشانت بھوشن کے مطابق ایس بی آئی کی درخواست 11 مارچ کو سماعت کے لیے فہرست میں شامل ہونے کی امید ہے اور توہین عدالت کی عرضداشت پر بھی اسی کے ساتھ سماعت ہونی چاہئے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ’’برائے مہربانی ای میل بھیجئے، میں حکم جاری کروں گا۔‘‘


واضح رہے کہ ایس بی آئی نے 4 مارچ کو سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ الیکٹورل بانڈ کی تفصیل دینے کے لیے عدالت کے ذریعے جو مدت دی گئی ہے اسے 30 جون تک بڑھایا جائے۔ عدالت نے گزشتہ ماہ اپنے ایک فیصلے میں ایس بی آئی کو الیکٹورل بانڈ سے متعلق پوری تفصیل 6 مارچ تک الیکشن کمیشن کو دینے کا حکم دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔