دیوالی بعد شروع ہوگا مندر تعمیر کا کام، یوگی آدتیہ ناتھ کا اعلان
رام مندر تعمیر پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ رام کے نام کا دیا جلائیں، دیوالی کے بعد مندر تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے راجستھان میں گزشتہ روز ایک انتخابی ریلی سے کہا کہ رام مندر تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا۔ یوگی نے ملک بھر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ رام مندر تعمیر کے لئے وہ 6 نومبر کو اپنے گھروں میں رام کے نام کا دیا جلائیں۔
یوگی نے کہا کہ مذہبی مقامات عبادت کے نہیں بلکہ ملکی اتحاد کی علامت ہیں۔ یوگی نے بیکانیر میں شری نولیشور مٹھ میں کئی مجسموں کا بھی اجرا کیا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں جانتا ہوں کہ رام کے نام پر آپ کی خواہش کیا ہے، آپ کے احساسات کو عملی جامہ پہنایا جائے اس کے لئے ملک بھر کے ہر گھر میں 6 نومبر کو رام رام کا ایک دیا جلنا چاہیے، دیوالی کے بعد مندر تعمیر کام شروع ہو جائے گا۔‘‘
قبل ازیں، مرکزی وزیر اوما بھارتی نے کہا کہ رام مندر تعمیر ان کا خواب ہے اور وہ اس کے لئے ہر کوشش کریں گی۔ اوما بھارتی نے کہا کہ رام جنم بھومی تحریک میں انہوں نے فعال طور سے کردار نبھایا، اس کو لے کر ان پر مقدمہ بھی چل رہا ہے، اور انہیں اس پر فخر ہے۔
مودی حکومت کے ایک اور وزیر پی پی چودھری نے بھی مندر تعمیر کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مندر تعمیر میں تاخیر ہوتی ہے تو اس کے لئے قانون بنایا جا سکتا ہے۔
ادھر آر ایس ایس نے بھی 1992 جیسی تحریک چھیڑ نے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں ملک بھر سے 3 ہزار سنت جمع ہیں۔ سنتوں کے اس مجمع کو ’دھرما دیش سنت مہا سمیلن‘ کا نام دیا گیا ہے، اس تقریب کا آج دوسرا دن ہے۔ اس سمیلن میں کہا گیا ہے کہ مسلمان اگر چاہیں تو لکھنؤ میں مسجد بنا سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Nov 2018, 1:09 PM