میرٹھ میں کل ہوگی کانگریس کی ’میں لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ میراتھن دوڑ

اس میراتھن دوڑ کو ’میں لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ نام دیا گیا ہے، یہ اتر پردیش کی کانگریس انچارج اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ذریعہ دیئے گئے نعرہ کو زمین پر اتارنے کی کوشش ہے۔

تصویر آس محمد
تصویر آس محمد
user

آس محمد کیف

انقلاب کی زمین کہی جانے والی میرٹھ کی زمین پر کانگریس ایک بڑی میراتھن دوڑ منعقد کرنے جا رہی ہے۔ اس میراتھن دوڑ کا انعقاد لڑکیوں میں حوصلہ بھرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دوڑ میں 5 ہزار لڑکیاں حصہ لیں گی۔ میراتھن دوڑ کو ’میں لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ نام دیا گیا ہے۔ یہ اتر پردیش کی کانگریس انچارج اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ذریعہ دیئے گئے نعرہ کو زمین پر اتارنے کی کوشش ہے۔

میرٹھ کانگریس کے ضلع صدر اونیش کاجلا نے بتایا کہ ہم فاتح لڑکی کو اسکوٹی دینے جا رہے ہیں۔ لڑکیوں میں اس دوڑ کو لے کر بہت جوش ہے اور ہم مثبت رد عمل سے خوش ہیں۔ اس میں دور دراز گاؤں کی لڑکیاں بھی حصہ لینے جا رہی ہیں۔ ہمارا مقصد لڑکیوں کے اندر حوصلہ بڑھانے اور ان کی ہمت افزائی کرنا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعہ سے میرٹھ کی بیٹیوں کو اپنی طاقت دکھانی ہے۔


یہ دوڑ میرٹھ کے کیلاش پرکاش اسٹیڈیم سے سی سی ایس یونیورسٹی تک منعقد کیا جا رہا ہے۔ کانگریس میرٹھ کے ضلع صدر اونیش کاجلا نے بتایا کہ دوری 5 کلومیٹر کی ہے اور وہ فاتحین کو اسمارٹ فون بھی دیں گے۔ میراتھن دوڑ میں حصہ لینے جا رہی میرٹھ کے پھلاودا کی لڑکی مونیکا چودھری نے بتایا کہ یہ دوڑ ایک بہترین کوشش ہے۔ لڑکیوں میں اسکوٹی کو لے کر جوش ہے۔ میں بھی اسکوٹی حاصل کرنا چاہتی ہوں۔ مقابلہ زبردست ہونے والا ہے۔ مونیکا نے یہ بھی کہا کہ وہ پرینکا گاندھی کی شیدائی ہے اور ان سے ترغیب حاصل کرتی ہے۔ یہ مقابلہ یقیناً لڑکیوں کو آگے بڑھنے میں مددگار ہوگا۔

میرٹھ کانگریس کے سٹی پریسیڈنٹ زاہد انصاری کے مطابق پارٹی کو میراتھن دوڑ کی اجازت مل گئی ہے اور ان سے کچھ مسلم لڑکیوں نے اس میراتھن میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ یہ دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔ دوڑ کل صبح 8 بجے سے شروع ہوگی۔ انھیں امید ہے کہ لڑکیاں سرد لہروں سے لڑ کر اپنے ہنر کا مظاہرہ کریں گی۔ میرٹھ کی ذاکر کالونی کی لڑکی روبی رحمان بھی اس دوڑ میں حصہ لینے جا رہی ہے۔ وہ بارہویں درجہ کی طالبہ ہے۔ روبی نے بتایا کہ ان کی نظر اسکوٹی پر ہے کیونکہ ان کے آٹو رکشہ ڈرائیور والد انھیں یہ دلوا نہیں سکتے ہیں۔ ان کے لیے یہ دوڑ ایک بہترین موقع ثابت ہو سکتی ہے۔


میرٹھ کے آس پاس کے علاقوں میں بھی لڑکیوں کی میراتھن دوڑ موضوعِ بحث ہے۔ مظفر نگر کے ضلع صدر سبودھ شرما بھی اس کی تیاری کر رہے ہیں۔ کانگریس نے باقاعدہ میراتھن دوڑ انچارج بنا کر انھیں ذمہ داری دی ہے۔ مظفر نگر انچارج پروین چودھری نے ضلع صدر سبودھ شرما کی رہائش پر خواتین کی ایک میٹنگ میں ’میں لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ عنوان سے کرائی جا رہی اس میراتھن دوڑ کے بارے میں جانکاری دی اور زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کو اس میں حصہ لینے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔