کانگریس غریبوں کے حق میں کام کرتی ہے اور بی جے پی اڈانی جیسے دوستوں کے لئے: کھڑگے

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایس بی آئی اور ایل آئی سی کا پیسہ اپنے دوست اڈانی کو غلط طریقہ سے دے دیا، یہ عام آدمی کا پیسہ ہے، جس کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس</p></div>

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

رانچی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایس بی آئی اور ایل آئی سی کا پیسہ اپنے دوست اڈانی کو غلط طریقہ سے دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام آدمی کا پیسہ ہے، جس کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں اس پر سوال اٹھے لیکن وزیر اعظم مودی نے جواب دینا تو دور اڈانی کا نام تک نہیں لیا، انہوں نے جھوٹ اور حربوں کی تمام حددود عبور کر لی ہیں۔

کانگریس صدر کھڑگے ہفتہ کو جھارکھنڈ کے پاکوڑ اسمبلی حلقہ کے گومانی (سری کُنڈ) ہائی اسکول کے میدان پر کانگریس کی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کے آغاز کے بعد عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ رسوئی گیس سلنڈر تک بھروانے میں لوگوں کے پسینے چھوٹ رہے ہیں۔ ملک میں 71 ہزار اسکولوں کو مودی جی نے بند کرا دیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی بار بار غریبوں کی بات کرتے ہیں لیکن وہ غریبوں کو ختم کرنے میں مصروف ہیں۔ کھڑگے نے کہا ’’ہم نے پارلیمنٹ میں غریبوں کی بات کی تو ہماری تقریر کو غیر پارلیمانی قرار دے دیا گیا۔ ہم ملک میں کسانوں کے لئے لڑ رہے ہیں، مزدوروں کے لئے لڑ رہے ہیں لیکن بی جے پی اپنے دوستوں کے لئے کام کر رہی ہے۔‘‘

کھڑگے نے کہا کہ ریاست (جھارکھنڈ) میں ہیمنت سورین کی قیادت میں جو حکومت چل رہی ہے، اس نے بڑے کام کر کے دکھائے ہیں۔ ہم متحد ہو کر چلیں گے تو مودی جو دکھا دیں گے کہ ہم ان کی من مرضی کے خلاف ہیں۔ جھارکھنڈ میں اس مہم کے آغاز کو لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کی شروعات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


اس تقریب میں کانگریس کوٹے کے تمام وزرا، ارکان اسمبلی، پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداران، 24 اضلاع کے صدور اور ضلع کمیٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔ کانگریس کے ریاستی صدر راجیش ٹھاکر نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات سے قبل اس مہم کو ہم گھر گھر تک پہنچائیں گے۔ لوگوں کو مرکزی حکومت کی کوتاہیوں، مہنگائی اور بے روزگاری سے آگاہ کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔