بڑھتی تیل قیمتوں کے خلاف احتجاجاً ڈیزل-پٹرول کی پوجا

ممبئی و تھانے میں پٹرول 90 روپے فی لیٹر سے زائد جبکہ ڈیزل کی قیمت 80 روپئے فی لیٹر ہو گئی ہے اور اب پٹرول پمپوں کو تحفظ دینے کی نوبت آگئی ہے۔

تصویر یو ٹیوب گیرب
تصویر یو ٹیوب گیرب
user

یو این آئی

ممبئی: پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے کی وجہ سے ممبئی وتھانے میں پٹرول 90 روپئے فی لیٹر زائد جبکہ ڈیزل کی قیمت 80 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے اور اب پٹرول پمپوں کو تحفظ دینے کی نوبت آگئی ہے۔ ایسی صورت میں اب عوام کو چاہیے کہ وہ شادی وبیاہ میں پٹرول وڈیزل جہیز کے طور پردیں۔ یہ باتیں آج مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ریاست میں پٹرول 90 روپئے سے پار ہوگیا تھا، اب ممبئی وتھانے شہر میں بھی یہ 90 روپے پار کرچکا ہے اور ڈیزل بھی 80 روپئے تک پہونچ چکا ہے۔ دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی تاریخی گراوٹ جاری ہے۔ اس کے خلاف کانگریس کی جانب سے تھانے میں علامتی طور پر انوکھا احتجاج کیا گیا، جس کے تحت پٹرول وڈیزل کی پوجا کی گئی اور پٹرول وڈیزل کے نام پر منتر پڑھے گئے۔ اس موقع پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے سچن ساونت نے کہا کہ مودی کی قیادت میں پٹرول عنقریب 100روپئے فی لیٹر پار کرجائے گا اور ڈیزل کی رفتار بھی تیزی سے 100 روپئے فی لیٹر کی جانب گامزن ہے۔ اس لئے اب پٹرول پمپوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، اسی کے ساتھ اب پٹرول وڈیزل کی پوجا بھی کرنی پڑے گی۔

اقتدار کے نشے میں چور نریندر مودی عوام سے کئے اپنے وعدے بھول چکے ہیں۔ اپنے صنعتکار دوستوں کے لئے حکومت چلانے والے مودی کو لوگوں کی ناراضگی نظر نہیں آرہی ہے۔ پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی مار عوام کے ساتھ ساتھ کسانوں کو بھی جھیلنی پڑ رہی ہے۔ اس لئے اس بہری، گونگی حکومت کو جگانے کی کوشش کانگریس مسلسل کرتی رہے گی۔

اس موقع پر تھانے شہر کانگریس کے صدر منوج شندے نے بھی ایندھن کی بڑھتی قیمتوں پر حکومت پر نشانہ سادھا اور فوری طور پر بڑھی ہوئی قیمتوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج میں تھانے ضلع کانگریس کے عہدیداران ولیڈران کے علاوہ بڑی تعداد میں کانگریسی کارکنان موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Sep 2018, 4:59 PM