کانگریس کرناٹک میں ایک ترقی پسند حکومت تشکیل دینے کی کوشش کرے گی: سرجے والا

کانگریس کے سینئر لیڈر اور کرناٹک امور کے انچارج رندیپ سرجے والا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی اپنے سینئر لیڈروں کی توہین کرنے اور انہیں کوڑے دان میں پھینکنے کی روایت پر سخت تنقید کی

کانگریس لیڈر سرجے والا / یو این آئی
کانگریس لیڈر سرجے والا / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور کرناٹک امور کے انچارج رندیپ سرجے والا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی اپنے سینئر لیڈروں کی توہین کرنے اور انہیں کوڑے دان میں پھینکنے کی روایت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ بی جے پی کی روایت پارٹی کے سینئر لیڈروں کی توہین کرنے کی ہے۔ وزیر اعلی بی ایس یدویورپا نے اسی روایت کے تحت پارٹی کے مختلف لیڈروں کی توہین کی، عہدے سے ہٹا دیا اور انہیں ایک کونے میں ڈال دیا۔

سرجے والا نے کہا ’’کرناٹک میں بی جے پی ’ہائی جیک‘ کی ہوئی ایک ایسی حکومت چلا رہی ہے جسے عوام نے منتخب نہیں کیا۔ یہ ایسی حکومت ہے جو بدعنوانی سے بھری ہوئی ہے اور ریاست کے عوام میں اعتماد کھو چکی ہے۔ ایسی صورت حال میں کانگریس ایک ترقی پسند حکومت فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔‘‘


انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران جن پہلوؤں پر غور کیا گیا ان میں کارکنوں سے مشورہ کرنا اور مسائل حل کرنا اہم ہے۔ زمینی سطح سے پارٹی کو منظم کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔ ایس سی / ایس ٹی، اقلیتی یونٹ سمیت مختلف سطحوں میں میٹنگوں کا انعقاد کیا جائے گا اور مستقبل کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی

اس موقع پر اپوزیشن کے لیڈر سدا رمیا نے کہا کہ سرجے والا سبھی کانگریس لیڈروں سے مل رہے ہیں اور رائے کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ وہ ضلعوں کی صورتحال پر بھی غور کر رہے ہیں اور جمہوری عمل میں پارٹی کی صورتحال پر صلاح مشورہ لے رہے ہیں۔

ریاستی کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ پارتی نے بلاک سطح پر ’سنکلپ یاترا‘ کا اہتمام کیا ہے اور ان لوگوں کے مسائل حل کرنے کی تیاری کر رہی ہے جو اپنی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔