دہلی کی سبھی لوک سبھا سیٹوں پر انتخابی تشہیر کو کانگریس دے گی رفتار، گلی محلوں میں ووٹرس سے رابطہ کا منصوبہ
دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ ریکارڈ توڑ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بحران سے پریشان عوام تبدیلی چاہتی ہے۔
نئی دہلی: آج دہلی پردیش کانگریس کمیٹی صدر اروندر سنگھ لولی کی قیادت میں دہلی کی ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر انتخابی تشہیر کو رفتار دینے کے لیے تبادلہ خیال اور نئی منصوبہ بندی کے لیے سینئر لیڈروں کی ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ چونکہ انڈیا اتحاد میں شامل کانگریس نے سمجھوتہ کے مطابق دہلی کی 3 لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، ایسے میں متعلقہ تین لوک سبھا سیٹوں پر کانگریس کارکنان کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ 10 سالوں سے لوگ تاناشاہی ماحول کے سب پریشان ہیں۔ لوگ ریکارڈ توڑ بے روزگاری اور بڑھتی مہنگائی سے بے حال ہو چکے ہیں۔ بی جے پی جانتی ہے کہ انھوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، اس لیے بی جے پی ہر پانچ سال میں اپنے لوک سبھا امیدوار بدل دیتی ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نے کوئی کام نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ دہلی کے 7 میں سے 6 امیدوار بدل دیے گئے ہیں۔ بی جے پی سمجھ چکی ہے کہ اس لوک سبھا انتخاب میں عوام انھیں مسترد کر رہی ہے۔ اس کا ثبوت بی جے پی کے انتخابی جلوس ہیں جن میں بیشتر کرسیاں خالی پڑی ہوتی ہیں۔
اروندر لولی کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی پوری دہلی میں سبھی 7 سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے امیدواروں کے لیے مشترکہ انتخابی تشہیر کرے گی۔ عوام بدلاؤ چاہتی ہے اور سبھی لوک سبھا کے ہر بوتھ، گلی، محلے اور نکڑ پر لوگوں سے رابطہ کرنے کے لیے خاکہ تیار کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت سے پریشان عوام جو اب کانگریس کی طرف دیکھ رہی ہے، مرکز میں حکومت بنانے کے بعد یہ پارٹی ریکارڈ توڑ بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل سے عوام کو چھٹکارا دلائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔